آنکھوں کے نُور کو سَلامت رکھے اور نُورِ مصطفےٰ کا صَدقہ آپ کى آنکھىں پہلے سے بھى بہتر ہو جائىں۔ (1)
عورت قبرستان میں دَفن ہو سکتی ہے تو جا کیوں نہیں سکتی؟
سُوال: جب ہم گھر کى عورتوں کو قبرستان جانے سے منع کرتے ہىں تو وہ کہتی ہىں: اگر ہمىں قبرستان جانے سے منع کرتے ہو تو مَرنے کے بعد قبرستان مىں دَفن کىوں کرتے ہو؟اِس بارے میں راہ نمائى فرما دىجئے۔
جواب: عورتوں کا قبرستان مىں دَفن ہونا اور چىز ہے اور زندگی میں قبرستان جانا اور چىز ہے لہٰذا ان کی یہ بات قابلِ قبول نہیں ہے جیسا کہ غىر مَردوں مىں عورتوں کو جانے سے شرىعت نے منع کىا ہے کہ بے پردہ نہ جائىں، ان کے ساتھ نہ بىٹھىں، ان کے ساتھ ہنس کر بات چىت نہ کرىں اور بے تکلف نہ بنىں لیکن جب قبرستان مىں عورت دَفن ہوتى ہے تو مَرد وہاں جاتے ہىں اور جنازہ بھى اُٹھاتے ہىں۔ اب اگر کوئى عورت بولے کہ ہمیں زندگی میں غىر مَردوں کے ملنے جلنے سے کیوں منع کرتے ہو؟ مَرنے کے بعد ىہى غىر مَرد ہمارے جنازے کو کندھا دىں گے، ظاہر ہے کہ اس عورت کی یہ بات قبول نہیں کی جائے گی۔ بہرحال شرىعت نے جو اَحکام دىئے ہیں ہمیں انہیں پر عمل کرنا ہے۔
قبرستان میں فاتحہ پڑھتے وقت کس طرف رُخ کر کے کھڑا ہونا چاہیے؟
سُوال: جب بندہ قبرستان مىں فاتحہ کے لىے جائے تو کس طرف رُخ کر کے کھڑا ہونا چاہىے؟
جواب: قبلے کی طرف پىٹھ اور مَیِّت کے چہرے کى طرف مُنہ کر کے کھڑا ہو اور سَلام کرے اور ایسے ہی کھڑے کھڑے اِىصالِ ثواب بھى کر دے۔ (2)
کیا منزل سُناتے وقت سجدۂ تلاوت واجب ہو گا؟
سُوال: منزل سُناتے وقت جو سجدے آتے ہىں ، کیا ىہ سجدے کرنا واجِب ہو گا؟ (گلگت بلتستان سے ایک طالب علم کا سُوال)
جواب: بالغ جب آىتِ سجدہ پڑھے ىا سُنے گا تو اُس پر سجدہ فرض ہو گا ۔ (3)
________________________________
1 - مزید معلومات کے لیے مکتبۃُ المدینہ کے رسالے ”نظر کی کمزوری کے اَسباب مَع عِلاج “ کا مُطالعہ کیجیے۔ (شعبہ فیضانِ مَدَنی مذاکرہ)
2 - فتاویٰ رضویہ، ۹/ ۵۲۲ ماخوذاً
3 - فتاویٰ ھندية، کتاب الصلاة، الباب الثالث عشر فی سجود التلاوة، ۱/ ۱۳۲-بہارِشریعت، ۱/ ۷۲۹-۷۳۰، حصہ: ۴مکتبۃ المدینہ باب المدینہ کراچی