اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِط
شُتُر مُرغ کے بارے میں دِلچسپ معلومات (1)
شیطان لاکھ سُستی دِلائے یہ رِسالہ(۲۱صَفحات) مکمل پڑھ لیجیے اِنْ شَآءَ اللّٰہ معلومات کا اَنمول خزانہ ہاتھ آئے گا ۔
دُرُود شریف کی فضیلت
فَرمانِ مصطفے ٰصَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّمہے : جس نے دِن اور رات مىں مىرى طرف شوق اور محبت کى وجہ سے تىن تىن بار دُرُودِ پاک پڑھا ، اللہ پاک پر حَق ہے کہ وہ اس کے اس دِن اور اس رات کے گناہ بخش دے ۔ (2)
لنگرِ رضویہ کے لیے شترمُرغ
سُوال : تین شُتُر مُرغ لنگرِ رضویہ کے لیے آئے ہیں، انہیں بیچ کر لنگرِ رضویہ میں وہ رَقم صَرف کی جائے یا ان کا گوشت ہی اِستعمال کیا جائے ؟ نیز شُتُر مُرغ کے حوالے سے کچھ معلومات بھی بیان فرما دیجیے ۔ (ویڈیو میں تین شتر مُرغ دِکھا کر یہ سُوال کیا گیا ۔ )
جواب : مَاشَآءَ اللّٰہ!اگر کسی نے یہ شُتُر مُرغ (Ostrich) لنگرِ رضویہ کے لیے دیئے ہیں تو انہیں بیچنا جائز نہیں ۔ البتہ اگر دینے والا اصل مالِک خود اِجازت دے کہ اگر آپ چاہیں تو پکا کر کھا لیں، چاہیں تو بیچ کر ان کی رقم لنگرِ رضویہ میں صَرف کر دیں، اب انہیں بیچنا بھی جائز ہو گا ۔ شاید شُتُر مُرغ بہت مہنگا پرندہ ہو گا، میں نے کبھی اِس کا گوشت نہیں کھایا اور نہ کبھی یہ تَصَوُّر کیا کہ کوئی لنگرِ رضویہ کے لیے شُتُر مُرغ بھی دے سکتا ہے ۔ مجھے تویہ بھی نہیں معلوم کہ اس کا گوشت بازار میں بِکتا بھی ہے یا نہیں ۔ بہرحال اگر اصل مالِک نے لنگرِ رضویہ کے لیے ہی یہ شُتُر مُرغ دئیے ہیں تو انہیں ذَبح کر کے پکا کر کِھلا دیا جائے ۔
________________________________
1 - یہ رِسالہ۱۱ جمادی الاخریٰ ۱۴۴۰ھ بمطابق 16فروری 2019 کو عالمی مَدَنی مَرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ (کراچی) میں ہونے والے مَدَنی مذاکرے کا تحریری گلدستہ ہے ، جسے اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّۃ کے شعبے ’’ فیضانِ مَدَنی مذاکرہ ‘‘ نے مُرتَّب کیا ہے ۔ (شعبہ فیضانِ مَدَنی مذاکرہ)
2 - معجمِ کبیر، قیس بن عائد ابو کاھل، ۱۸ / ۳۶۲، حدیث : ۹۲۸ دار احیاء التراث العربی بیروت