سب سے پہلے اِیمان لانے والے کون ہیں؟
مَردوں میں سب سے پہلے اِىمان لانے والے بھى اَمِیْرُ الْمُؤمِنِیْن حضرتِ سَیِّدُنا ابوبکر صِدِّىق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ ہىں اور لڑ کوں مىں سب سے پہلے اِیمان لانے والے مولائے کائنات، عَلِیُّ المرتَضیٰ، شیرِِ خُدا کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم ہىں اور خواتىن مىں سب سے پہلے اِیمان لانے والی حضرتِ سَیِّدَتُنا خَدىجۃُ الکُبریٰرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا ہیں ۔ (1)اللہ پاک ان سب پر اپنی رَحمت نازِل فرمائے اور ان سب کے صَدقے ہمارى بے حِساب مَغفرت فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
جونماز جیسی قضا ہوئی ویسی ہی پڑھی جائے گی
سُوال : اگر کسی اسلامی بہن کى نماز سفر کى حالت مىں قضا ہو گئى تو اب اگر وہ اُسے اپنے گھر پر ادا کرے تو پوری پڑھے گی یا قصر کرے گی ؟
جواب : سفر مىں جو نماز قضا ہوئى اگر وہ حَضَر مىں پڑھی ىعنى جہاں گھر وغىرہ ہے وہاں پڑھی جب بھى وہ قصر والى ہى قضا پڑھی جائے گی اور اگر حَضَر کى نمازىں قضا تھىں جىسا کہ گھر مىں تھے اور نمازیں قضا ہوئیں تو اب اگر انہیں سفر کے دَوران پڑھیں گے تو پورى پڑھنا ہوں گى ۔ (2)
________________________________
1 - تاریخ الخلفاء، ابوبکر الصدیق عفته وصفته، فصل فی اسلامه ، ص۲۶ باب المدینة کراچی
2 - رد المحتار، کتاب الصلاة، باب قضاء الفوائت، ۲ / ۶۵۰ دار المعرفة بيروت