غوثِ پاک کا فیض تمام سلسلوں نے پایا
سُوال : اس شعر کا مطلب بیان فرما دیجیے :
کس گلستاں کو نہیں فصلِ بَہاری سے نیاز
کون سے سلسلہ میں فیض نہ آیا تیرا (حدائق بخشش)
جواب : جتنے بھی طریقت کے سلسلے ہیں اعلیٰ حضرت عَلَیْہِ رَحْمَۃُرَبِّ الْعِزَّتنے ان کو گلستان سے تشبیہ دی ہے اور گلستان کو بہار کی ضرورت ہوتی ہے تو ان گلستانِ طریقت کو بہار ملنے کا ذریعہ میرے مرشد غوثِ اعظم رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ ہیں کیونکہ جو بھی ولی بنتا ہے ان کے در سے بھیک لیکر بنتا ہے تو یوں ہر طریقت کا سلسلہ حضور غوثِ اعظم رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ سے فیض لیے ہوئے ہے ۔
قرآنِ پاک میں مور کا پَر رکھنا کیسا؟
سُوال : قرآنِ پاک میں مور کا پَر رکھنا کیسا ہے، اکثر دیکھا ہے کہ قرآن پاک میں خوب صورتی کے لیے مور کے پر رکھے جاتے ہیں؟( مدینہ پور [دنیا پورضلع لودھراں جنوبی پنجاب] سے سوال)
جواب : قرآنِ پاک میں مور کا پَر رکھنے میں حرج نہیں کیونکہ اس میں بے ادبی کا تصور نہیں ہوتا ۔ ہم بھی بچپن میں مور کے چھوٹے چھوٹے پر قرآنِ کریم میں خوب صورتی کی نیت سے رکھتے تھے، البتہ اگر کوئی پورا بنڈل رکھے تو یہ الگ بات ہے ۔