اسلام صرف حرمین شریفین ہی میں رہ جائے گا اولیاء اور اَبدال ( 1) سب وہیں ہجرت کرجائیں گے، رمضان شریف کا مہینہ ہوگا اَبدال کعبہ شریف کا طواف کررہے ہوں گے حضرت امام مہدی ( رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ ) بھی وہاں موجود ہوں گے اولیاء اُنہیں پہچانیں گے ان سے بیعت لینے کو عرض کریں گے وہ انکار کریں گے غیب سے آواز آئے گی ’’ ھٰذَا خَلِیْفَۃُ اللّٰہِ الْمَھْدِیْ فَاسْمَعُوْا لَہٗ وَاَطِیْعُوْہ۔ ‘‘ یہ اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) کا خلیفہ مہدی ہے اس کی بات سنو اور اس کا حکم مانو۔ تمام لوگ ان کے ہاتھ پر بیعت کریں گے پھر حضرت امام مہدی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ سب کو اپنے ساتھ لے کر ملک شام آجائیں گے۔
یاجوج و ماجوج کا نکلنا
یہ ایک قوم ہے یافث بن نوح عَلَیْہِ السَّلَامکی اولاد سے ان کی تعداد بہت زیادہ ہے، یہ زمین میں فساد کرتے تھے بہار کے موسم میں نکلتے تھے ہری چیزیں سب کھا جاتے، سوکھی چیزوں کو لاد کر لے جاتے آدمیوں کو کھالیتے جنگلی جانوروں ، سانپوں بچھوؤں تک کو چٹ کر جاتے، حضرت ذوالقرنین عَلَیْہِ السَّلَامنے آہنی دیوار کھینچ کر ان کا آنا روک دیا جب دَجال کو قتل کرکے اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) کے حکم سے حضرت عیسیٰ (عَلَیْہِ السَّلَام) مسلمانوں کو کوہِ طور ( 2) پر لے جائیں گے تب دیوار توڑ کر یہ یاجوج ماجوج نکلیں گے اور زمین میں بڑا فساد مچائیں گے ،لوٹ مار قتل وغیرہ کریں گے پھر اللّٰہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَامکی دعا سے اِنہیں ہلاک و برباد کرے گا۔
________________________________
1 - اولیاء کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام کا ایک طبقہ، اہل تصوف کے نزدیک اولیاء اللّٰہ کا وہ گروہ جس کے سپرد دنیا کا انتظام ہے۔ (فیروز اللغات،ص۵۲)
2 - ملک شام میں واقع ایک پہاڑ