Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
41 - 263
دَجال کا نکلنا 
دَجال کی صفت اور اس کے کرتب 
	دجال کا نا ہوگا اس کی ایک آنکھ ہوگی اور خدائی کا دعویٰ کرے گا، اس کے ماتھے پر  ’’ ک ف ر  ‘‘  لکھا ہوگا، یعنی کافر جس کو ہر مسلمان پڑھے گا اور کافر کو دکھائی نہ دے گا، یہ بہت تیزی سے سیر کرے گا، چالیس دن میں حرمین  شریفین  ( 1) کے سوا تمام رُوئے زمین کا گشت کرے گا، (2 ) اس چالیس دن میں پہلا دن سال بھر کے برابر ہوگا اور دوسرا دن مہینہ بھر کے برابر ہوگا اور تیسرا دن ہفتہ کے برابر اور باقی دن چوبیس چوبیس گھنٹے کے ہوں گے اس کا فتنہ بہت سخت ہوگا، ایک باغ اورایک آگ اس کے ساتھ ہوگی جس کا نام جنت دوزخ رکھے گا جہاں جائے گا اُن کو ساتھ لیے ہوگا، اس کی جنت دراصل آگ ہوگی اور اسکا جہنم آرام کی جگہ ہوگی۔لوگوں سے کہے گا کہ ہم کو خدا مانو جو اُسے خدا کہے گا اُسے اپنی جنت میں ڈالے گا اور جو انکار کرے گا اُسے اپنے جہنم میں پھینک دے گا، مردے جِلائے گا،  پانی برسائے گا، زمین کو حکم دے گا وہ سبزے اُگائے گی۔ ویرانے میں جائے گا تو وہاں کے دفینے شہد کی مکھیوں کی طرح دَل کے دَل اس کے ساتھ ہوجائیں گے، اس قسم کے بہت سے شعبدے دکھائے گا اور حقیقت میں یہ سب جادو کے کرشمے ہوں گے واقع میں کچھ نہ ہوگا اسی لیے اس کے وہاں سے جاتے ہی لوگوں کے پاس کچھ نہ رہے گا، جب حرمین شریفین میں جانا چاہے گا فرشتے اس کا منہ پھیر دیں گے، دَجال کے ساتھ یہودیوں کی فوج ہوگی۔



________________________________
1 -      حرمین شریفین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو کہتے ہیں۔ (۱۲منہ) 
2 -      یعنی ساری زمین پر پھرے گا۔۱۲ (منہ)