Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
259 - 263
مسئلہ۷:  اگر یاد ہو تو سورۂ بقرۃ اور آل عمران کی برابر بڑی سورتیں پڑھیں اور رکوع و سجود میں بھی طول دیں اور بعد ِنماز دعا میں مشغول رہیں ، یہاں تک کہ پورا آفتاب کھل جائے اوریہ بھی جائز ہے کہ نماز میں تخفیف کریں اور دعا میں طول دیں ۔ خواہ امام قبلہ رو دعا کرے یا مقتدیوں کی طرف منہ کرکے کھڑا ہو اور یہ بہتر ہے اور سب مقتدی آمین کہیں اگر دُعا کے وقت عصا یا کمان پر ٹیک لگا کر کھڑا ہو تو یہ بھی اچھا ہے، دُعا کے لیے منبرپر نہ جائے۔  (درمختار و بہار و فتح القدیر)  
مسئلہ۸:  سورج گہن اورجنازہ دونوں کا اجتماع ہو تو پہلے جنازہ پڑھے۔   (جوہرہ وبہار)  
مسئلہ۹:  چاند گہن کی نماز میں جماعت نہیں امام موجود ہو یا نہ ہو بہرحال تنہا تنہا پڑھیں ۔  (درمختار ہدایہ ، عالمگیری فتح القدیر)  امام کے علاوہ دو، تین آدمی جماعت کرسکتے ہیں ۔  (بہار شریعت) 
خوف و مصیبت کے وقت نماز مستحب ہے 
مسئلہ۱۰:  تیز آندھی آئے یا دن میں سخت اندھیری چھا جائے یا رات میں خوفناک روشنی ہو یا لگاتار کثرت سے مینہ  (1 )  برسے یا اَولے  (2 )   پڑیں یا آسمان سرخ ہوجائے یا بجلیاں گریں یا بکثرت تارے ٹوٹیں یا طاعون وغیرہ وباپھیلے یا زلزلے آئیں یا دشمن کا خوف ہو یااور کوئی دہشت ناک بات پائی جائے ان سب کے لیے دو رکعت نماز مستحب ہے۔    (عالمگیری ودرمختار وغیرہ) 



________________________________
1 -     بارش		
2 -     بخارات کے جمے ہوئے قطرے جو بارش کے ساتھ برف کی شکل میں آسمان سے گرتے ہیں۔