کاٹنا چاہتا ہے تو زبان سے کہہ سکتے ہیں اگر اِشارہ یا دبانے سے بتاسکیں تو اس صورت میں بھی زبان سے کہنے کی اجازت نہیں ۔ (درمختار و ردالمحتار وبہار)
مسئلہ۲۳: خطیب نے مسلمانوں کے لیے دعا کی تو سامعین کو ہاتھ اُٹھانا یا آمین کہنا منع ہے۔ا گر ایسا کریں گے تو گنہگار ہوں گے، خطبہ میں دُرود شریف پڑھتے وقت خطیب کا دائیں بائیں منہ کرنا بدعت ہے۔
مسئلہ۲۴: حضورِ اَقدس صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمکا نام پاک خطیب نے لیا تو حاضرین دل میں دُرود شریف پڑھیں زبان سے پڑھنے کی اِس وقت اجازت نہیں ۔ یوہیں صحابہ کرام کے ذکر پر اس وقت رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُم زبان سے کہنے کی اجازت نہیں۔(درمختار و بہار وغیرہ)
جمعہ کے علاوہ دیگر خطبوں کا حکم
خطبہ ٔجمعہ کے علاوہ اور خطبوں کا سننا بھی واجب ہے۔ جیسے عیدین و نکاح وغیرہ کا خطبہ (درمختارو بہار)
سعی کب واجب ہے ؟
مسئلہ۲۵: پہلی اَذان کے ہوتے ہی سعی واجب ہے اور بیع وغیرہ ان چیزوں کا جو سعی کے منافی ہوں چھوڑ دینا واجب ہے۔ یہاں تک کہ راستہ چلتے ہوئے اگر خرید و فروخت کی تو یہ بھی ناجائز ہے اور مسجد میں خرید و فروخت تو سخت گناہ ہے۔ کھانا کھارہا تھا کہ اذانِ جمعہ کی آواز آئی اگر یہ ڈر ہو کہ کھائے گا تو جمعہ جاتا رہے گا تو کھانا چھوڑ دے اور جمعہ کو جائے۔ جمعہ کے لیے اطمینان و وقار کے ساتھ جائے۔ (عالمگیری، درمختار)