مسئلہ۸: وتر کی نماز بیٹھ کریا سواری پر بغیر عذر نہیں ہوسکتی۔ (درمختار وغیرہ)
مسئلہ۹: صاحب ترتیب کے لیے اگر یہ یاد ہے کہ نماز وتر نہیں پڑھی اور وقت میں گنجائش بھی ہے تو فجر کی نماز فاسد ہے خواہ شروع سے پہلے یاد آئے یا بیچ میں ۔ (درمختار و بہار)
وتر کی نماز کب جماعت سے ہوسکتی ہے ؟
مسئلہ۱۰: وتر کی نماز جماعت سے صرف رمضان شریف میں پڑھی جائے علاوہ رمضان کے مکروہ ہے۔ (ہدایہ، وغیرہ) بلکہ اس مبارک مہینہ میں جماعت ہی سے پڑھنا مستحب ہے۔
مسئلہ۱۱: جس نے عشاء کی فرض جماعت کے ساتھ نہیں پڑھی وہ وتر تنہا پڑھے اگرچہ تراویح جماعت سے پڑھی۔
سنتوں اور نفلوں کابیان
سنت مؤکدہ اور غیر مؤکدہ کی تعریف اور اَحکام
سنتیں بعض مؤکدہ ہیں کہ شریعت میں اس پر تاکید آئی بلاعذر ایک بار بھی ترک کرے تو ملامت کے لائق ہے اور ترک کی عادت کرے تو فاسق مردود الشہادۃ جہنم کے لائق ہے۔ اس کا ترک قریب حرام کے ہے، اس کے چھوڑنے والے کے لیے شفاعت سے محروم ہو جانے کا ڈر ہے، سنت مؤکدہ کو سنن الہدیٰ بھی کہا جاتا ہے، بعض سنتیں غیر مؤکدہ ہیں جن کو سنن الزوائد بھی کہتے ہیں ۔ اس پر شریعت میں تاکید نہیں آئی، کبھی اس کو مستحب اور مندوب بھی کہتے ہیں اور نفل وہ کہ جس کا کرنا ثواب ہے اور نہ کرنے میں بھی حرج نہیں ۔