Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
21 - 263
نبی اور رسول
	جس طرح اللّٰہ تعالیٰ کی ذات اور صفتوں کا جاننا ضروری ہے اسی طرح یہ بھی جاننا لازمی ہے کہ نبی میں کیا کیا باتیں ہونی چاہئیں اور کیا کیا نہ ہونا چاہیے تاکہ آدمی کفر سے بچارہے۔ 
رسول کے معنی
	 رسول کے معنی ہیں خدا کے یہاں سے بندوں کے پاس خدا کا پیغام لانے والا۔
نبی کون ہوتا ہے؟
	 نبی وہ آدمی ہے جس کے پاس وحی یعنی خدا کا پیغام آیا لوگوں کو خدا کا راستہ بتانے کے لیے ، خواہ یہ پیغام نبی کے پاس فرشتہ لے کر آیا ہو یا خود نبی کو اللّٰہ  (عَزَّوَجَلَّ)  کی طرف سے اس کا علم ہوا ہو، کئی نبی ا ور کئی فرشتے رسول ہیں ، نبی سب مرد تھے نہ کوئی جن نبی ہوا نہ کوئی عورت نبی ہوئی۔عبادت، ریاضت کے ذریعے سے آدمی نبی نہیں ہوتا محض اللّٰہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہوتا ہے اس میں آدمی کی کوشش نہیں چلتی البتہ نبی اللّٰہ تعالیٰ اُسی کو بناتا ہے جس کو اس لائق پیدا کرتا ہے جو نبی ہونے سے پہلے ہی تمام بُری باتوں سے دور رہتا ہے اور اچھی باتوں سے سنور چکتا ہے، نبی میں کوئی ایسی بات نہیں ہوتی جس سے لوگ نفرت کرتے ہوں ۔