مسجد یا بستر وغیرہ پر کچھ آیت وغیرہ لکھنے کے اَحکام
مسئلہ۶: مسجد کی دیواروں اور محرابوں پر قرآن لکھنا اچھا نہیں اس لیے کہ ڈر ہے کہ وہاں سے گرے اور پاؤں کے نیچے پڑے اور اِسی بے ادَبی کی وجہ سے تکیہ، فرش، بستر و دستر خوان، جا ئے نماز پر بھی آیت یا حدیث یا شعر وغیرہ کچھ لکھنا منع ہے۔ (عالمگیری و بہار)
مسجد میں کوئی گندگی میل وغیرہ ڈالنے کے اَحکام
مسجد میں وضو کرنا یا مسجد کی دیواروں پر یا چٹائی پر یا چٹائی کے نیچے ناک تھوک میل وغیرہ ڈالنا منع ہے اگر ناک سنکنے یا تھوکنے کی ضرورت ہی پڑ جائے تو کپڑے میں لے لے۔ (عالمگیری)
مسئلہ۷: مسجد میں نجاست لے کر جانا منع ہے۔ اگرچہ وہ نجاست مسجد میں نہ لگے اسی طرح جس کے بدن پر نجاست لگی ہو اس کو بھی مسجد میں جانا جائز نہیں ۔ ( ردالمحتار)
مسجد میں ناپاک گارا لگانا منع ہے
مسئلہ۸: ناپاک تیل مسجد میں جلانا، یا نجس گارا مسجد میں لگانا منع ہے۔
مسجد میں وضو کب کرسکتا ہے؟
مسئلہ۹: مسجد میں کوئی جگہ وضو کیلئے شروع ہی سے مسجد بنوانے والے نے قبل تمام مسجدیت بنالی ہے، جس میں نماز نہیں ہوتی تو وہاں وضو کرسکتا ہے۔ یوہیں طشت وغیرہ کسی برتن میں وضو کرسکتا ہے بشرطیکہ پوری احتیاط سے ہو کہ کوئی چھینٹ مسجد میں نہ پڑے۔ (عالمگیری)