Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
205 - 263
قبلہ کی طرف پاؤں کرنے کا حکم 
مسئلہ۱:  قبلہ کی طرف پاؤں پھیلانا مکروہ ہے، سوتے میں ہو یا جاگتے میں ۔ یوہیں چھوٹے بچوں کا پاؤں قبلہ کی طر ف کرکے لٹا دینا مکروہ ہے اور اُس کی برائی لٹانے والے پر ہے۔ (درمختار)     
مسجد کی چھت کے آداب  
مسئلہ۲:  مسجد کی چھت پر بھی گندگی کرنی حرام ہے۔ مسجد کی چھت کا بھی مسجد کی طرح ادَب ہے۔  (غنیۃ)  
مسئلہ۳:  مسجد کی چھت پر بلا ضرورت چڑھنا مکروہ ہے۔  (درمختار، ردالمحتار) 
مسجد کو راستہ بنانے کے اَحکام 
	مسجد کو راستہ بنانا یعنی اس میں سے ہو کر گزرنا ناجائز ہے، اگر اس کی عادت کرے تو فاسق ہے۔ اگر کوئی اس نیت سے مسجد میں گیا اور بیچ میں پہنچا تھا کہ پچھتایا تو جس دروازہ سے اُس کو نکلنا ہے اُس کے سوا دوسرے دروازے سے نکلے یا وہیں نماز پڑھے پھر نکلے اور وضو نہ ہو تو جس طرف سے آیا تھا واپس جائے۔  (درمختار وردالمحتار) 
مسئلہ۴:  مسجد کے اندر کسی برتن میں پیشاب کرنا یا فصد کا خون لینا بھی جائز نہیں ۔ 
مسجد میں بچے اور پاگل کے جانے کے اَحکام 
مسئلہ۵:  بچے کو اور پاگل کو جن سے گندگی کا گمان ہو مسجد میں لے جانا حرام ہے اور اگر نجاست کا ڈر نہ ہو تو مکروہ ہے۔