مسئلہ۵۳: کوئی جانور بھاگ گیا اُس کے پکڑنے کے لیے یا بکریوں پربھیڑیئے ( 1) کے حملہ کرنے کے ڈر سے نماز توڑ دیناجائز ہے۔
نقصان سے بچنے کے لیے نماز توڑنا
مسئلہ۵۴: اپنے یا پرائے ایک درہم کے نقصان کا ڈر ہو مثلاً دودھ اُبل جائے گا یا گوشت ترکاری، روٹی وغیرہ جل جانے کا ڈر ہو یا ایک درہم کی کوئی چیز چور اُچکالے بھاگا اِن صورتوں میں نماز توڑدینے کی اجازت ہے۔ (درمختار، عالمگیری)
مسئلہ۵۵: اگر نفل نمازمیں ہو اور ماں باپ ، دادا دادی وغیرہ اُصول پکاریں اور اُن کو اس کا نماز میں ہونا معلوم نہ ہو تو نماز توڑ دے اور جواب دے۔ (درمختار وردالمحتار)
احکامِ مسجد کا بیان
اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے اچھی جگہ مسجد ہے اور سب سے بُری جگہ بازار ہے۔
مسجد میں جاتے وقت کی دعا:
جب مسجد میں جائے تو درود شریف پڑھے اور یہ کہے: رَبِّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ۔ (2 ) اورجب نکلے تو درود شریف پڑھ کر یہ کہے:رَبِّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ فَضْلِکَ۔ ( 3)
________________________________
1 - کتے کی طرح کا ایک درندہ۔
2 - اے پروردگار! تو میرے گناہوں کو بخش دے اور میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔
3 - اے رب! تو میرے گناہ بخش دے اور اپنے فضل کے دروازے میرے لیے کھول دے۔