مسئلہ۲۹: امام نیچے ہو اور مقتدی اُونچی جگہ پر یہ بھی مکروہ اور خلافِ سنت ہے۔ (درمختاروغیرہ )
مسئلہ۳۰: مسبو ق اپنی چھوٹی ہوئی رکعتوں کے ادا کرنے میں منفرد ہے۔
مسبوق کی تعریف
مسبوق وہ ہے جو جماعت میں اُس وقت شامل ہوا جب کہ کچھ رکعتیں امام پڑھ چکا تھااور آخر تک امام کے ساتھ رہا۔ منفرد کے معنی اکیلا پڑھنے والا جو جماعت کے ساتھ نہ پڑھے۔
مسئلہ۳۱: مسبوق نے امام کو قعدے میں پایا تو اس طرح شامل ہو کہ پہلے نیت کرکے کھڑا ہو اور سیدھے کھڑے رہنے کی حالت میں تکبیر تحریمہ کہہ کر پھر دوسری تکبیر کہتا ہوا قعدے میں جائے۔ اگر رکوع یا سجدہ میں پائے تب بھی یوں ہی کرے اگر پہلی تکبیر کہنے میں رکوع کی حد تک جھک گیا تو نماز نہ ہوگی۔
مسئلہ۳۲: مسبوق چار رکعت والی نماز میں چوتھی رکعت میں جماعت میں شامل ہوا تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد کھڑا ہوجائے اور ایک رکعت اَلْحَمْد اور سورۃ کے ساتھ پڑھ کر قعدہ کرلے اور پھر کھڑا ہو جائے اور اِس میں بھی اَلْحَمْد اور سورۃ پڑھے اور اس رکعت پر قعدہ نہ کرے بلکہ ایک رکعت اور پڑھے صرف اَلْحَمْد کے ساتھ اور اس آخری رکعت پر قعدہ وغیرہ کرکے نماز ختم کرے یعنی علاوہ امام کے ساتھ والے قعدہ کے اس کو دو قعدے اور ادا کرنے ہوں گے ایک قعدہ ایک رکعت کے بعد اور دوسرا قعدہ اُس قعدہ کے بعد دو رکعت اَور پڑھ کر۔