مسئلہ۳۴: بازاروں میں اور جہاں لوگ کام میں لگے ہوں زور سے پڑھنا ناجائز ہے۔ لوگ اگر نہ سنیں گے تو گناہ پڑھنے والے پر ہے۔
مسئلہ۳۵: تلاوت کرنے میں کوئی معظم دینی بادشاہ اسلام یا عالم دین یا پیر استاد یا باپ آجائے تو تلاوت کرنے والا اس کی تعظیم کو کھڑا ہوسکتا ہے۔ ( غنیہ و بہار شریعت)
مسئلہ۳۶: جو شخص غلط پڑھتا ہو تو سننے والے پر واجب ہے کہ بتادے بشرطیکہ بتانے کی وجہ سے کینہ و حسد پیدا نہ ہو۔ (غنیہ بہار)
قرآن شریف کے آداب
مسئلہ۳۷: قرآن شریف زور سے پڑھنا افضل ہے جب کہ کسی نمازی یا بیمار یا سونے والے کو تکلیف نہ پہنچے۔
مسئلہ۳۸: دیواریں اور محرابوں پر قرآنِ مجید لکھنا اچھا نہیں ۔
مسئلہ۳۹: قرآن شریف پڑھ کر بھلا دینا گناہ ہے، قیامت کے دن اَندھا کوڑھی ہو کر اُٹھے گا۔
مسئلہ۴۰: قرآنِ مجید کی طرف پیٹھ نہ کی جائے، نہ پاؤں پھیلایا جائے نہ پاؤں اس سے اونچا کریں ،نہ یہ کرے کہ خود اُونچی جگہ پر ہو اور قرآن شریف نیچے ہو۔
مسئلہ۴۱: قرآن شریف کے اُوپر کوئی کتاب نہ رکھی جائے اگرچہ فقہ و حدیث کی ہو۔
مسئلہ۴۲: قرآن شریف پرانا بوسیدہ ہوگیا کہ پڑھنے کے قابل نہ رہا تو کسی پاک کپڑے میں لپیٹ کر اِحتیاط کی جگہ دفن کردیا جائے اور دفن کرنے میں اس کے لیے لحد بنائی جائے تاکہ اس پر مٹی نہ پڑے۔