زور سے پڑھنا بہتر ہے، ورنہ آہستہ پڑھے اور اگرسننے والوں کا حال معلوم نہیں کہ آمادہ ہیں یا نہیں جب بھی آہستہ پڑھنا بہتر ہونا چاہیے۔ (ردالمحتار و بہار شریعت)
مسئلہ۴۵: مرض کی حالت میں اشارہ سے بھی سجدہ ادا ہوجائے گا۔ یوہیں سفر میں سواری پر اشارہ سے سجدہ ہوجائے گا۔ (عالمگیری وغیرہ)
سجدۂ شکر
اس کا طریقہ وہی ہے جو سجدہ تلاوت کا ہے۔
مسئلہ۴۶: اولاد پیدا ہوئی یا مال پایا، یا کوئی کھوئی ہوئی چیز مل گئی یا بیمار نے تندرستی پائی یا مسافر واپس آیا یا اور کوئی نعمت ملی تو سجدہ شکر کرنا مستحب ہے۔
قرأت یعنی قرآن شریف پڑھنے کا بیان
قرأ ت میں کتنی آواز ہونی چاہیے ؟
مسئلہ۱: قرأت میں اتنی آواز ہونی چاہیے کہ اگر بہرا نہ ہو اور شورو غل نہ ہو تو خود سن سکے، اگر اتنی آواز بھی نہ ہوئی تو نماز نہ ہوگی، اِسی طرح جن معاملات میں بولنے کو دخل ہے سب میں اتنی آواز ضروری ہے مثلاً جانور ذبح کرتے وقت بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ اَکْبَر کہنے میں طلاق دینے میں آیۂ سجدہ پڑھنے پر سجدہ تلاوت واجب ہونے میں اِتنی آواز ضروری ہے کہ خودسن سکے۔ (مراقی الفلاح وغیرہ)
مسئلہ۲: فجر و مغرب وعشاء کی دو پہلی رکعتوں میں اور جمعہ و عیدین و تراویح اور رمضان