Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
169 - 263
مسئلہ۳۴:  آیت سجدہ کا ترجمہ پڑھا تو پڑھنے والے اور سننے والے پر سجدہ واجب ہوگیا۔ چاہے سننے والے نے یہ سمجھا ہو یا نہ سمجھا ہو کہ یہ آیت سجدہ کا ترجمہ تھا۔ البتہ یہ ضرور ہے کہ اُسے نہ معلوم ہو تو بتادیا گیا ہو کہ یہ آیت سجدہ کا ترجمہ تھا اور اگر آیت پڑھی گئی ہو تو اس کی ضرورت نہیں کہ سننے والے کو آیت سجدہ ہونا بتایا گیا ہو۔  (قاضی خان، عالمگیری، بہار) 
مسئلہ۳۵:  حیض و نفاس والی عورت نے آیت سجدہ پڑھی تو خود اُس پر سجدہ واجب نہ ہوگا۔ البتہ اور سننے والوں پرواجب ہوجائے گا۔  ( بہار)  
مسئلہ۳۶:  حیض و نفاس والی پر آیت سجدہ سننے سے بھی سجدہ واجب نہیں ہوتا جیسا کہ پڑھنے سے نہیں ہوتا۔ 
مسئلہ۳۷:  جنب (1 )  نے یا بے وضو نے آیت سجدہ پڑھی یا سنی تو سجدہ واجب ہے۔
مسئلہ۳۸:  نابالغ نے آیت سجدہ پڑھی تو سننے والے پر سجدہ واجب ہے نابالغ پر نہیں ۔   (عالمگیری وغیرہ)  
مسئلہ۳۹:  امام نے آیت ِسجدہ پڑھی اور سجدہ نہ کیا تو مقتدی بھی اُس کی پیروی میں سجدہ نہ کرے گا۔ اگرچہ آیت سنی ہو۔  (غنیۃ)   جس وقت آیت ِسجدہ پڑھی گئی اگر اس وقت کسی وجہ سے سجدہ نہ کرسکے تو پڑھنے والے اور سننے والے کو یہ کہہ لینا مستحب ہے: 
 سَمِعْنَا وَاَطَعْنَا غُفْرَانَکَ رَبَّنَا وَاِلَیْکَ الْمَصِیْر (2 )   (ردالمحتار)  
مسئلہ۴۰:  پوری سورت پڑھنا اور سجدے کی آیت چھوڑ دینا مکروہ تحریمی ہے۔   (قاضی خان، درمختار وغیرہ) 



________________________________
1 -      جس پر غسل فرض ہو۔
2 -      ہم نے سنا اور حکم مانا، تیری مغفرت کا سوال کرتے ہیں، اے پروردگار!اور تیری ہی طرف پھرنا ہے۔