سینہ پر چھاتی کے نیچے رکھ کراس کے اوپردا ہنی ہتھیلی رکھے اور رکوع میں تھوڑا جھکے یعنی صرف اتنا کہ گھٹنوں پر ہاتھ رکھ دے زور نہ دے اور ہاتھ کی انگلیاں ملی رہیں اور پیٹھ اور پاؤں جھکے رہیں مردوں کی طرح خوب سیدھی نہ کردے اور سجدہ میں سمٹ کر سجدہ کرے یعنی بازو کروٹوں سے ملادے اور پیٹ رانوں سے اور ران پنڈلیوں سے اور پنڈلیاں زمین سے ملادے اور دونوں پاؤں پیچھے نکال دے اور قعدہ میں دونوں پاؤں داہنی جانب نکال دے اور بائیں سرین پر بیٹھے اور ہاتھ بیچ ران پر رکھے۔
فرض، واجب، سنت، مستحب کا حکم
اس طریقہ میں بعض چیزیں فرض ہیں کہ اس کے بغیر نماز ہوگی ہی نہیں ۔ بعض واجب ہیں کہ اس کو قصد اً چھوڑنا گناہ اور نماز کا پھر سے پڑھنا واجب اور بھول کر چھوٹنے سے سجدہ سہو واجب اور بعض سنت موکدہ ہیں ، جس کو چھوڑنے کی عادت گناہ ہے اور بعض مستحب ہیں کہ جس کا کرنا ثواب اور نہ کرنا گناہ نہیں ۔
فرائض نماز
سات چیزیں نماز میں فرض ہیں :
{۱} تکبیر تحریمہ (1 ) : یعنی پہلی اَللّٰہُ اَکْبَر جس سے نماز شروع ہوتی ہے۔
{۲} قیام: یعنی اتنی دیر کھڑا رہنا جتنی دیر میں فرض قرأ ت (2 ) ادا ہو۔
________________________________
1 - تکبیر تحریمہ میں خاص لفظ اللّٰہ اکبر فرض نہیں، فرض تو اتنا ہے کہ خالص تعظیم الٰہی کے الفاظ ہوں مثلا: اَللّٰہُ اَعْظَم، اَللّٰہُ الْکَبِیْر،اَلرَّحْمٰن اَکْبَر کہا جب بھی فرض ادا ہوگیامگر یہ تبدیلی مکروہ تحریمی ہے۔ (۱۲منہ)
2 - قرأ ت سے مراد قرآن شریف پڑھنا۔ ۱۲ (منہ)