مسئلہ۳۰: خطبہ کی اَذان کا جواب زبان سے دینا مقتدیوں کوجائز نہیں ۔ (درمختار)
مسئلہ۳۱: اَذان و اِقامت کے درمیان وقفہ کرنا سنت ہے۔ اَذان کہتے ہی اِقامت کہہ دینا مکروہ ہے، مغرب میں وقفہ تین چھوٹی یا ایک بڑی آیت پڑھنے کے برابر ہو، باقی نمازوں میں اَذان و اِقامت کے درمیان اتنی دیر تک ٹھہرے کہ جو لوگ جماعت کے پابند ہیں ، وہ آجائیں مگر اتنا انتظار نہ کیا جائے کہ وقت ِکراہت آجائے۔
نماز کی چوتھی شرط کا بیان:
اِستقبال قبلہ کا بیان
نماز کی چوتھی شرط استقبال قبلہ ہے یعنی کعبہ شریف کی طرف منہ کرنا۔
مسئلہ۱: نماز اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) ہی کے لیے پڑھی جائے اور اُسی کے لیے سجدہ کیا جائے،نہ کہ کعبہ کو، اگر مَعَاذَ اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) کسی نے کعبہ کے لیے سجدہ کیا تو حرام و گناہ کبیرہ کیا اور اگر کعبہ کی عبادت کی نیت کی، جب تو کھلا کافر ہے اس لیے کہ خدا کے سوا کسی اور کی عبادت کفر ہے۔ (د رمختار واِفادات ِرضویہ)
کن صورتوں میں نماز غیر قبلہ کی طرف ہوسکتی ہے ؟
مسئلہ۲: جو شخص قبلہ کی طرف منہ کرنے سے مجبور ہو تو وہ جس رُخ نماز پڑھ سکے پڑھ لے اور بعد میں نماز دُہرانے کی ضرورت نہیں ۔ (منیہ)
مسئلہ۳: بیمار میں اِتنی طاقت نہیں کہ منہ کعبہ شریف کی طر ف کرسکے اور وہاں کوئی ایسا نہیں جو اُس کا منہ کعبہ کی طرف کرادے تو جس رُخ پڑھے نماز ہوجائے گی۔