Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
150 - 263
مسئلہ۲۳:  جب اَذان ہو تو اتنی دیر کے لیے سلام، کلام اور سلام کا جواب، تمام اَشغال  موقو ف  کردے یہاں تک کہ قرآن مجید کی تلاوت میں اَذان کی آواز آئے تو تلاوت روک دے اور اَذان کو غور سے سنے اور جواب دے اور یہی اِقامت میں بھی کرے  (درمختار، عالمگیری)  جو اَذان کے وقت باتوں میں مشغول رہے اس پر مَعَاذَ اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ)   خاتمہ برا ہونے کا خوف ہے۔  ( فتاویٰ رضویہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْ صَاحِبِہَا) 
مسئلہ۲۴:  راستہ چل رہا تھا کہ اَذان کی آواز آئی تو اتنی دیر کھڑا ہوجائے سنے اور جواب دے۔  (عالمگیری، بزازیہ) 
اِقامت کا بیان 
	اِقامت مثل اَذان کے ہے یعنی جو اَحکام اَذان کے بیان کیے گئے وہی سب اِقامت کے بھی ہیں البتہ چند باتوں میں فرق ہے۔ اِقامت میں حَیَّ عَلَی الْفَلَاح ( 1) کے بعد قَدْ  قَامَتِ الصَّلٰوۃ (2 ) بھی دو بار کہیں اور اس میں کچھ آواز اُونچی ہو مگر اِتنی نہیں جتنی کہ اَذان میں ہوتی ہے بلکہ اِتنی ہو کہ سب حاضرین تک آواز پہنچ جائے۔ اِقامت کے کلمات جلد جلد کہیں درمیان میں سکتہ نہ کریں ، نہ کانوں پر ہاتھ رکھیں ، نہ کانوں میں اُنگلیاں ڈالیں اور صبح کی اقامت میں اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْم (3 )  نہ کہے اِقامت مسجد کے اندر کہی جائے۔ 
مسئلہ۲۵:  اگر امام نے اقامت کہی تو  قَدْ قَامَتِ الصَّلٰوۃکے وقت آگے بڑھ کرمصلے پر چلا جائے۔   (درمختار و ردالمحتار، غنیہ، عالمگیری وغیرہ) 



________________________________
1 -      نجات پانے کے لیے آؤ۔
2 -      بے شک نمازقائم ہوگئی۔
3 -      نماز نیند سے بہتر ہے ۔