{۶} عین خطبہ کے وقت اگرچہ پہلا ہو یا دوسرا اور جمعہ کا ہو یا عیدین کا خطبہ ہو یا کسوف (1 ) و استسقاء ( 2) حج و نکاح کا ہو۔ہر نماز حتی کہ قضا بھی جائز نہیں مگر صاحب ِترتیب ( 3) کے لیے جمعہ کے خطبہ کے وقت قضا کی اجازت ہے۔ (درمختار)
مسئلہ۲۳: جمعہ کی سنتیں شروع کردی تھیں کہ امام خطبہ کے لیے اپنی جگہ سے اٹھا تو چاروں رکعتیں پوری کرلیں ۔ (عالمگیری)
{۷} عیدین کی نماز سے پہلے نفل مکروہ ہے۔ چاہے گھر میں پڑھے یا عیدگاہ میں یا مسجد میں ۔ (عالمگیری درمختار)
{۸} عیدین کی نماز کے بعد نفل مکروہ ہے جب کہ عیدگاہ یا مسجد میں پڑھے، گھر پر پڑھنا مکروہ نہیں ۔ (عالمگیری درمختار)
{۹} عرفات (4 ) میں جو ظہر و عصر ملا کر پڑھتے ہیں ان کے بیچ میں اور بعد میں بھی نفل و سنت مکروہ ہے۔
{۱۰} مزدلفہ ( 5) میں جو مغرب و عشاء جمع کیے جاتے ہیں فقط ان کے بیچ میں نفل و سنت پڑھنا مکروہ ہے بعد میں مکروہ نہیں۔ (عالمگیری، درمختار)
________________________________
1 - سورج گہن کے وقت جو نماز ادا کی جاتی ہے، اُسے صلوۃُ الکسوف کہتے ہیں۔
2 - خشک سالی میں طلب ِ بارش کے لیے جو نماز ادا کی جاتی ہے اُسے صلوۃُ الاستسقاء کہتے ہیں۔
3 - وہ شخص جس پرپانچ سے زیادہ قضانمازیں نہ ہوں اسے صاحب ترتیب کہتے ہیں۔
4 - حدودِ حرم کے باہر، مکہ مکرمہ سے کچھ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک میدا ن جہاں ۹ذوالحجہ کو تمام حاجی صاحبان جمع ہوتے ہیں۔
5 - مکہ مکرمہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک میدا ن جہاں عرفات سے واپسی پررات بسر کرتے ہیں۔ صبح صادق اور طلو عِ آفتاب کے درمیان کم از کم ایک لمحہ وقوف واجب ہے ۔