Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
140 - 263
مسئلہ۱۴:  جوشخص اپنے جاگنے پر بھروسا رکھتا ہو اس کو آخر رات میں وترپڑھنا مستحب ہے ورنہ سونے سے پہلے پڑھ لے، پھر اگر آخر رات میں آنکھ کھلی تو تہجد پڑھے، وتر دوبارہ پڑھنا جائز نہیں ۔  (قاضی خان)  
مسئلہ۱۵:  بدلی کے دن (1 ) عصر اور عشاء میں تعجیل مستحب ہے اور باقی نمازوں میں تاخیر مستحب ہے۔
مکروہ اَوقات
مسئلہ۱۶:  طلوع   ( 2) و غروب ( 3) و نصف النہار ( 4) ، ان تینوں وقتوں میں کوئی نماز جائز نہیں ۔ نہ فرض، نہ واجب، نہ نفل، نہ ادا، نہ قضا، نہ سجدہ تلاوت، نہ سجدہ سہو، البتہ اس روز کی عصر کی نماز اگر نہیں پڑھی تو اگرچہ آفتاب ڈوبتا ہو پڑھ لے مگر اتنی دیر کرنا حرام ہے۔ 
طلوع سے کیا مرا د ہے 
مسئلہ۱۷:  طلوع سے مراد سورج کا کنارہ نکلنے سے لے کر پورا نکل آنے کے بعد اس وقت تک ہے کہ اس پر آنکھ چندھیانے لگے اور اتنا کل وقت بیس منٹ ہے۔



________________________________
1 -      جس دن آسمان پر بادل ہوں۔
2 -      طلوع: نکلنا۔   (۱۲منہ) 
3 -      غروب: ڈوبنا  (۱۲منہ) 
4 -      نصف النہار: دوپہر۔  (۱۲منہ)