چار مہینہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ رہتا ہے اور یہ قریب قریب سب سے چھوٹا وقت عصر ہے اور اپریل مئی میں تقریباً پونے دو گھنٹہ (کچھ کم وبیش مختلف تاریخوں میں ) اور آخر مئی و جون میں تقریباً دو گھنٹہ (کچھ کم و بیش مختلف تاریخوں میں ) پھر اگست، ستمبرمیں تقریباً پونے دو گھنٹہ اور آخر اکتوبر تک ڈیڑھ گھنٹہ کے قریب آجاتا ہے۔
تنبیہ:
یہ جو وقت لکھا گیا ہے وہ مختلف شہروں اور مختلف تاریخوں کے لحاظ سے دو چار چھ منٹ کم و بیش بھی ہوگا، یہ ایک موٹا اندازہ کرنے کے لیے لکھ دیا ہے، جن صاحبوں کو ہر مقام اور ہر تاریخ کا صحیح صحیح وقت معلوم کرنا ہو وہ ہماری کتاب الاوقات ملاحظہ فرمائیں ۔
مغرب کا وقت
سورج ڈوبنے کے بعد سے شفق جانے تک ہے۔
شفق کس کو کہتے ہیں ؟
شفق سے مراد وہ سپیدی ہے جو سرخی جانے کے بعد پچھم میں صبح صادق کی سپیدی کی طرح اُتراور دکھن (1 ) پھیلی رہتی ہے۔ (ہدایہ، عالمگیری، خانیہ) یہ وقت ان شہروں میں کم سے کم سوا گھنٹہ اور زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ گھنٹہ ہوتا ہے تقریباً۔
فائدہ:
ہر روز جتنا وقت فجر کا ہوتا ہے اتنا ہی مغرب کا بھی ہوتا ہے۔
________________________________
1 - شمال اور جنوب