عورت کے اَعضائے عورت کا شمار
مسئلہ۹: آزاد عورتوں کے لیے علاوہ ان پانچ عضو کے جن کا بیان اُوپر گزرا سارا بدن عورت ہے۔ جس میں تیس اعضاء شامل ہیں ۔ ان میں سے جس عضو کی چوتھائی کھل جائے نماز کا وہی حکم ہے جو اوپر بیان ہوا۔
{۱} سر یعنی ماتھے کے اوپر سے گردن کے شرو ع تک {۲} بال جو لٹکتے ہوں {۳،۴} دونوں کا ن {۵} گردن {۶،۷} دونوں شانہ {۸،۹} دونوں بازو کہنیوں سمیت {۱۰،۱۱} دونوں کلائیاں یعنی کہنی کے بعد سے گٹوں کے نیچی تک {۱۲} سینہ یعنی گلے کے جوڑ سے دونوں پستان کے نیچے تک {۱۳،۱۴} دونوں ہاتھ کی پیٹھ {۱۵، ۱۶} دونوں پستان {۱۷} پیٹ یعنی سینہ کی حد جو اُوپر ذکر ہوئی، اس حد سے لے کر ناف کے نچلے کنارے تک یعنی ناف کا بھی پیٹ میں ہی شمار ہے {۱۸} پیٹھ یعنی پیچھے کی جانب سینہ کے مقابل سے کمر تک {۱۹} دونوں شانوں کے بیچ میں جو جگہ ہے بغل کے نیچے سینہ کی نچلی حد تک {۲۰،۲۱} دونوں سرین {۲۲} فرج {۲۳} دُبر {۲۴،۲۵} دونوں رانیں یعنی ہر ران چڈھے سے گھٹنے تک یعنی گھٹنوں سمیت ایک عضو ہے گھٹنا ایک عضو نہیں {۲۶} ناف کے نیچے پیڑو اور اس سے ملی جو جگہ ہے اورا ن کے مقابل پیٹھ کی طرف سب مل کر ایک عورت ہے {۲۷،۲۸} دونوں پنڈلیاں ٹخنوں سمیت {۲۹،۳۰} دونوں تلوے۔ بعض علماء نے ہاتھ کی پیٹھ اور تلوؤں کو عورت میں داخل نہیں کیا۔