نماز ہو جائے گی اور اگر چوتھائی عضو کھل گیا اور فوراً چھپا لیا جب بھی نماز ہوگئی اور اگر بقدر ایک رکن یعنی تین مرتبہ سُبْحٰنَ اللّٰہ کہنے کے برابر کھلا رہا یا قصداً کھولا اگر چہ فوراً چھپالیا نماز جاتی رہی۔
مرد میں اَعضائے عورت نو ہیں
مسئلہ۶: مرد میں اَعضائے عورت نو ہیں : {۱} ذَکر {۲} اُنثیین دونوں مل کر ایک {۳} دُبر {۴،۵} ہر ایک سرین ایک ایک مستقل عورت ہے اور {۶،۷} ہر ران علیحدہ علیحدہ ایک عورت ہے {۸} ناف کے نیچے سے لے کر عضو تناسل کی جڑ تک اور اس کی سیدھ میں پیٹھ اور دونوں کروٹوں کی جانب سے مل کر ایک عورت ہے {۹} دُبر و اُنثیین کے درمیان کی جگہ ایک مستقل عورت ہے۔
یہ جو نو اَعضائے عورت گنائے گئے ہیں ان میں سے ہر ایک، ایک عضو ہے، یعنی ایک کا چوتھائی سے کم کھل گیا تو نماز ہو جائے گی۔
مسئلہ۷: اگر چند اَعضا میں کچھ کچھ کھلا رہا کہ ہر ایک اُس عضو کی چوتھائی سے کم ہے مگر مجموعہ ان کاان کھلے ہوئے اَعضاء میں جو سب سے چھوٹا ہے اس کی چوتھائی کے برابر ہے تو نماز نہ ہوئی، مثلاً عورت کے کان کا نواں حصہ اور پنڈلی کا نواں حصہ کھلا رہا تو مجموعہ ان دونوں کا کان کی چوتھائی کے برابر ضرور ہے، لہٰذا نماز اس صورت میں نہ ہوگی۔
(عالمگیری و ردالمحتار)
مسئلہ۸: نماز شروع کرتے وقت اگر کسی عضو کی چوتھائی کھلی رہی یعنی اسی حالت پر اَللّٰہُ اَکْبَر کہا تو نماز شروع نہ ہوئی۔ (ردالمحتار)