بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
عقائد کا بیان
اللّٰہ تعا لٰی کی ذات اور صفات کے عقیدے
عقیدہ ۱: خدا تعالٰی کی توحید و کمالات
اللّٰہ (عَزَّوَجَلَّ) ایک ہے، پاک، بے مثل، بے عیب ہے۔ ہر کمال و خوبی کا جامع ہے، کوئی کسی بات میں نہ اُس کا شریک، نہ برابر، نہ اس سے بڑھ کر، وہ مع اپنی صفاتِ کمالیہ کے ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا، ہمیشگی صرف اُسی کی ذات و صفات کے لیے ہے، اس کے سوا جو کچھ ہے پہلے نہ تھا، جب اُس نے پیدا کیا تو ہوا۔ وہ اپنے آپ ہے اُس کو کسی نے پیدا نہیں کیا، نہ وہ کسی کا باپ، نہ کسی کا بیٹا، نہ اس کے کوئی بی بی، نہ رشتہ دار، سب سے بے نیاز، وہ کسی بات میں کسی کا محتاج نہیں اور سب اُس کے محتاج، روزی دینا، مارنا، جِلانااُسی کے اِختیار میں ہے، وہ سب کا مالک، جو چاہے کرے۔ اُس کے حکم میں کوئی دَم نہیں مارسکتا، بغیر اُس کے چاہے ذرہ نہیں ہل سکتا، وہ ہر کھلی، چھپی، ہونی، اَن ہونی کو جانتا ہے، کوئی چیز اُس کے علم سے باہر نہیں ، دنیا جہان سارے عالم کی ہر چیز اُس کی پیدا کی ہوئی ہے سب اُس کے بندے ہیں ، وہ ا پنے بندوں پر ماں باپ سے زیادہ مہربان، رحم کرنے والا، گناہ بخشنے والا، توبہ قبول فرمانے والا ہے، اس کی پکڑ نہایت سخت جس سے بغیر اس کے چھڑائے کوئی چھوٹ نہیں سکتا۔ عزت، ذلت اُسی کے اختیار میں ہے، جسے چاہے عزت دے جسے چاہے ذلیل