تنبیہ : اس کتاب ’’ قانونِ شریعت ‘‘ میں اِختلافاتِ اَدِلہ سے اَصلاً تعر ض نہ ہوگا کہ شانِ مختصرات کے خلاف ہے اور مبتدیوں و کم علموں کے لیے باعث ِتحیر و اِشکال بھی۔ نیز اس کتاب میں صرف بہت ضروری ضروری، کثرت سے پیش آنے والے مسائل کو بیان کیا گیا ہے اور ہر مسئلہ کا ماخذ سنی حنفی دینیات کی نہایت معتبر و مستند کتابیں ہیں ، جیسا کہ حوالوں سے ظاہر ہے۔ جہاں تک ہوسکا ہے پیرایۂ بیان و زبان کو بہت سہل کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس کوشش میں فصاحت زبان کی بھی پرواہ نہیں کی گئی۔رب تبارک و تعالیٰ اس سعی کو لوجہ الکریم قبول فرمائے۔ آمین
وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَصَلَّی اللّٰہُ
تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِخَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ اَجْمَعِیْن۔
الفقیر ابوالمعالی احمد المعروف
شمسُ الدِّ ین الجعفری الرضوی الجونبوری
بُرے خاتمے کے تین اَسباب
حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر وَرّاق عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الرَّزَّاق فرماتے ہیں :بندوں پر ظلم کرنا اکثر سلب ایمان کا سبب بن جاتاہے۔حضرت سیِّدُنا ابو القاسم حکیم عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْعَظِیْم سے کسی نے پوچھا: کوئی ایسا گناہ بھی ہے جو بندے کو ایمان سے محروم کردیتا ہے؟ فرمایا:بربادیِ ایمان کے تین اَسباب ہیں :
{۱} ایمان کی نعمت پر شکر نہ کرنا۔ {۲} ایمان ضائِع ہونے کا خوف نہ رکھنا ۔
{۳} مسلمان پر ظلم کرنا۔ (تنبیہ الغافلین ، ص۲۰۴، دارالکتاب العربی بیروت )