تمہید
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ رَئُ ْوفٍ رَّحِیْم۔
چونکہ انسان کا کمال اور اس کی سعادت ایمان و عمل کی صحت پر موقوف ہے اور یہ بغیر علم دین ناممکن ہے، اس لیے ہر شخص جو اپنی زندگی کو صالح و کامیاب بنانا چاہتا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ دین کا علم حاصل کرے۔ علم دین کی چار قسمیں ہیں ۔
پہلی قسم میں وہ مسائل ہیں جن کا تعلق ایمان اور عقیدہ سے ہے ( جیسے توحید ، رسالت ، نبوت، جنت ، دوزخ، حشر، ثواب، عذاب وغیرہ) ۔
دوسری قسم میں وہ باتیں ہیں جن کا تعلق عبادتِ بدنی و مالی سے ہے ( جیسے نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ وغیرہ) ۔
تیسری قسم میں وہ چیزیں ہیں جن کا تعلق معاملات و معاشرت سے ہے (جیسے خرید و فروخت، نکاح، طلاق، عتاق ، جہاد، حکومت، سیاست وغیرہ) ۔
چوتھی قسم میں وہ امور ہیں جن کا تعلق اَخلاق و عادات ، جذبات و ملکات سے ہے (جیسے شجاعت، سخاوت، صبر ، شکر وغیرہ) ۔
خیال تو یہ تھا کہ چاروں قسمیں ایک ساتھ شائع ہوتیں ، لیکن کتاب اندازے سے کافی زیادہ ضخیم ہوگئی ہے، اس لیے دو حصے کردیئے، یہ حصہ اوّل آپ کے سامنے ہے، اس میں عقائد، نماز، روزہ، زکوٰۃ، قربانی وعقیقہ تک کے تمام مسائل بیان کیے گئے ہیں ، دوسرے حصہ میں حج، نکاح، طلاق، خرید و فروخت، حَظَر واِباحَۃ وغیرہ کے مسائل ہیں ۔