نصاب اصول حديث مع افاداتِ رضویہ |
سبق نمبر (7) (۔۔۔۔۔۔ معارضہ سے سلامت ہونے یا نہ ہونے کے اعتبار سے خبرِ مقبول کی اقسام۔۔۔۔۔۔)
بعض اوقات خبرِ مقبول کے معارض دوسری خبر مقبول آجاتی ہے جوکہ مفہوم میں پہلی کے مخالف ہوتی ہے لہذا اس معارضہ کے اعتبار سے خبر مقبول کی چار اقسام ہیں: (۱)۔۔۔۔۔۔محکم (۲)۔۔۔۔۔۔مختلف الحدیث (۳)۔۔۔۔۔۔ناسخ (۴)۔۔۔۔۔۔منسوخ
(۱)۔۔۔۔۔۔مُحْکَم:
وہ حدیثِ مقبول جو ایسی دوسری حدیث کے معارضہ سے محفوظ ہوجو اسی کی مثل مقبول ہو۔صحاح کی کتابوں میں اس کی مثالیں بکثرت موجود ہیں۔ مثال:
اِنَّ أَشَدَّالنَّاسِ عَذَاباً یَوْمَ الْقِیَامَۃِ یُشَبِّہُوْنَ بِخَلْقِ اللہِ (بخاری و مسلم)
ترجمہ: قیامت کے دن سب سے سخت عذاب ان لوگوں کو ہوگا جو اللہ تعالی کی مخلوق کی تصویریں بنا تے ہیں۔ حکم: اس پر بلا شبہ عمل کرنا واجب ہے۔