یعنی آپ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے دعا میں ہاتھ بلند فرمائے۔اب اگرچہ یہ عمل مختلف مواقع اور مختلف اوقات میں ہوااور ان میں سے ہر واقعہ متواتر نہیں لیکن ان میں تمام احادیث میں یہ بات قدر مشترک ہے کہ سرکارصلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے دعا میں ہاتھ بلند فرمائے۔
(۲)۔۔۔۔۔۔خبرِ مشہور(۱):
وہ حدیث جس کے راوی ہر طبقے میں کم ازکم تین ہوں لیکن حدِ تواتر سے کم ہوں۔ مثال:
''اَلْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُوْنَ مِنْ لِّسَانِہٖ وَیَدِہٖ''۔ (مُتَّفَقٌ عَلَیْہِ)
ترجمہ: کامل مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دیگر مسلمان سلامت رہیں۔
حکم:
اس سے علم طمانینت حاصل ہوتاہے اور اس سے ثابت ہونے والا حکم واجب العمل ہوتاہے۔
1۔۔۔۔۔۔کبھی اس حدیث کو بھی مشہور کہہ دیا جاتاہے جو لوگوں کی زبان پر مشہور ہو خواہ اس کی ایک سند ہو یا ایک بھی نہ ہو اور یہ مشہورِ لغوی ہے نہ کہ اصطلاحی جیسے:'' اَلْعَجَلَۃُ مِنَ الشَّیْطَانِ''، جلد بازی شیطان کی طرف سے ہے۔