اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
نیک بننے کا نسخہ(1)
غالباً شیطٰن بیان کا یہ رسالہ (24صَفْحات) نہیں پڑھنے دے گا مگر آپ پورا پڑھ کر شیطٰن کے وار کو ناکام بنادیجئے ۔
دُرُود شریف کی فضیلت
ایک شخص نے خواب میں ’’ خوفناک بلا ‘‘ دیکھی ، گھبرا کر پوچھا : تُوکون ہے؟ بلا نے جواب دیا: ’’ میں تیرے بُرے اعمال ہوں ۔ ‘‘ پوچھا: تجھ سے نَجات کی کیا صورت ہے؟ جواب ملا: دُرُود شریف کی کثرت ۔ ( اَلْقَولُ الْبَدِیع ص۲۵۵)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اس حِکایت سے معلوم ہوا کہ دُرُود شریف کی کثرت بھی نیک بننے کا نُسخہ ہے۔اے کاش ! ہم اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے ہر وقت دُرُود وسلام پڑھتے رہیں ۔
تُر بَت میں ہوگی دید رسولِ اَنام کی
عادت بنا رہا ہوں دُرُود و سلام کی
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
________________________________
1 - یہ بیان امیرِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ نے تبلیغِ قرآن و سنت کی عالمگیر غیرسیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے تین روزہ اجتماع (۲، ۳، ۴رجب المرجب ۱۴۱۹ ھ مدینۃ الاولیاء ملتان)میں فرمایا۔ ضروری ترمیم کے ساتھ تحریرًا حاضر خدمت ہے ۔ ۔مجلسِ مکتبۃُ المدینہ