| مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم |
روایت ہے حضرت عمران ابن حصین سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ محمد مصطفی کی شفاعت سے ایک قوم آگ سے نکالی جاوے جو جنت میں داخل ہوں گے اور ان کا نام جہنمیں رکھا جاوے گا ۱؎ (بخاری)اور ایک روایت میں ہے کہ میری امت میں سے ایک قوم میری شفاعت کی بنا پر آگ سے نکالی جاوے گی جو جہنمی نام دیئے جائیں گے۲؎
شرح
۱؎ ان میں سے وہ لوگ بھی داخل ہیں جنہوں نے صرف کلمہ پڑھا اچھے عقیدے اختیار کیے مگر کوئی نیکی نہ کی اور وہ بھی داخل ہیں جنہوں نے کلمہ بھی نہیں پڑھا ان کا ایمان شرعی نہ تھا مگر وہ عند اللہ مؤمن تھے،دل میں ایما ن رکھتے ہیں زبان سے ظاہر نہ کرتے تھے کسی وجہ سے،ان پر دنیا میں نماز جنازہ بھی نہ ہوئی،انہیں مسلمانوں کے قبرستان میں دفن بھی نہیں کیا گیا،انہیں رب تعالٰی اپنی قدرت والی مٹھی میں بھر کر جنت میں ڈالے گا۔یہ سب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت سے ہی دوزخ سے نکلیں گے اس کی تحقیق ابھی کچھ پہلے کی جاچکی ہے۔ ۲؎ یہ وہ لوگ ہیں جو کلمہ پڑھ کر مسلمان تو ہوگئے مگر غفلت میں زندگی گزار گئے کوئی نیکی نہیں کی کیونکہ انہیں امتی فرمایا گیا۔