Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
131 - 975
حدیث نمبر 131
روایت ہے حضرت ابن عباس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے جب تم میں سے کوئی کھانا کھائے تو کہے الٰہی ہم کو اس میں برکت دے اور اس سے بھی اچھا ہمیں کھلا ۱؎  اور جب دودھ پئے تو کہے الٰہی ہمیں اس میں برکت دے اور اس سےبھی ز یادہ دے ۲؎  کہ دودھ کے سوا ایسی کوئی چیز نہیں جو کھانے اور پانی سے کفایت کرے۳؎(ترمذی، ابوداؤد)
شرح
۱؎ یعنی خدایا ہم کو آئندہ ایسا کھانا کھلا جو اس سے بھی زیادہ پاکیزہ اور نفیس و لذیذ ہو کیونکہ کھانے بعض بعض سے اعلیٰ ہوتے ہیں تو ہمیشہ رب تعالیٰ سے اعلیٰ مانگے۔

۲؎  یعنی دودھ پی کر یہ نہ کہے کہ ہم کو اس سے بھی اعلیٰ نعمت دے کیونکہ دودھ سے زیادہ اعلیٰ نعمت کوئی نہیں اور ناممکن کی دعاکرنا ممنوع ہے۔

۳؎  یعنی صرف دودھ ہی میں وہ نعمت ہے جو بھوک و پیاس دونوں کو دفع کرتا ہے لہذا یہ غذا بھی ہے اور پانی بھی،نیز دودھ میں بچے کی پہلی غذا قدرت کی طرف سے مقرر کی گئی کہ بچہ دنیا میں آکر پہلے کئی ماہ بلکہ دو سال تک ماں کا دودھ ہی پیتا ہے۔بعض شارحین نے فرمایا کہ فانہ لیس شیئ سے آخر تک مسدد کا قول ہے مگر صحیح یہ ہے کہ یہ بھی حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم ہی کا فرمان عالی ہے،دوسری حدیث میں اس کی تصریح بھی ہے،جنت میں بھی دودھ کی نہریں ہوں گی۔
Flag Counter