Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
903 - 1040
حدیث نمبر903
روایت ہے حضرت ابو موسیٰ اشعری سے فرماتے ہیں کہ ہم آئے تو ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو اس وقت پایا جب آپ نے خیبر فتح فرمایا ۱؎ تو حضور نے ہمارے لیے بھی حصہ مقرر فرمایا کہ اس میں سے ہم کو بھی دیا اور جو فتح خیبر سے غائب رہا تھا اسے غنیمت سے کچھ نہ دیا سوائے ان کے جو آپ کے ساتھ حاضر ہوا سوا ہماری کشتی والوں جعفر اور انکے ساتھیوں کے کہ ان کے ساتھ ان کا بھی حصہ کیا ۲؎ (ابوداؤد)
شرح
۱؎  حضرت ابو موسیٰ اشعری یمن کے رہنے والے تھے،مکہ معظمہ میں آکر مسلمان ہوگئے،پھر یمن چلے گئے،پھر وہاں سے بارادہ ہجرت مدینہ منورہ براستہ دریا روانہ ہوئے،باد مخالف نے ان کی کشتی کو بجائے مدینہ منورہ کے حبشہ میں جا پھینکا،وہاں جعفر اور ان کے ساتھیوں نے مدینہ پاک کی طرف ہجرت کی تو آپ بھی ان کے ساتھ ہجرت کرکے آئے،اتفاقًا فتح خیبر کے دن خیبر میں حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس پہنچے،حضور انور کو ان لوگوں کی آمد سے بہت ہی خوشی ہوئی۔ حضرت ابو موسیٰ اشعری سے یہاں پہنچنے کے متعلق اور روایات بھی ہیں مگر یہ روایت حاشیۃ اللمعات میں منقول ہے اور صحیح شرح بعض روایات میں ہے۔حضرت ابوموسیٰ پہلے حبشہ میں ہجرت کر گئے تھے،پھر وہاں سے مدینہ منورہ ہجرت کرکے آئے۔واﷲ ورسولہ اعلم!

۲؎  یعنی خیبرکی غنیمتوں سے حصہ صرف ان مجاہدین کو ہی دیا جو اس غزوہ میں ہی شریک تھے صرف ہماری جماعت وہ تھی جو غزوہ میں شریک نہ ہوئی اور اسے غنیمت کا حصہ ملا۔ احناف کے نزدیک اس حصہ دینے کی وجہ انکی خصوصیت ہے کہ سرکار انور نے غازیوں سے اجازت لے کر ان حضرات کو بھی حصہ دے دیا جیسے کہ غازیان حنین سے اجازت لےکر ہوازن کو ان کے قیدی واپس فرمادیئے،امام شافعی کے ایک قول میں اس کی وجہ یہ تھی کہ یہ حضرات اگرچہ فتح خیبر کے بعد پہنچے لیکن ابھی مال غنیمت جمع نہ کیا گیا تھا کہ یہ لوگ پہنچ گئے۔ اس بنا پر وہ فرماتے ہیں کہ اگر جہاد کے بعد غازیوں کو کمک پہنچے جب کہ غنیمت اکٹھی نہ کی گئی ہو تو ان کمک والوں کو بھی غنیمت سے حصہ ملے گا۔ حضور انور نے ان بزرگوں کو کمک قرار دیا، بعض نے فرمایا کہ حضور انور نے انہیں یہ حصہ اپنے خمس میں سے دیا جو آپ کا اپنا حصہ تھا مگر پہلی توجیہ بہت قوی ہے اس لیے حضرت ابو موسیٰ اشعری نے فخریہ طور پر اس واقعہ کا ذکر فرمایا۔ معلوم ہوا کہ یہ حصہ عطا ہونا ان کی خصوصیات سے ہے۔خیال رہے حضرت ابو موسیٰ مع اپنے دو بڑے بھائیوں کے قریبًا پچپن آدمی یمن سے حبشہ پہنچے تھے وہاں سے خیبر۔(مرقات)
Flag Counter