| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم |
روایت ہے خولہ انصاریہ سے ۱؎ فرماتی ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے سنا کہ کچھ لوگ اﷲ کے مال میں ناحق گھس پڑتے ہیں ان کے لیے قیامت کے دن آگ ہے ۲؎ (بخاری)
شرح
۱؎ آپ خولہ بنت ثامر ہیں،مشہور صحابیہ ہیں،انصاریہ ہیں۔ ۲؎ یعنی بعض لوگ زکوۃ،غنیمت،فئ وغیرہ پر ناجائز قبضہ و تصرف کرتے ہیں،اگر یہ حلال سمجھ کر کرتے ہیں تو ہمیشہ دوزخ میں رہیں گے،اگر حرام سمجھ کر کرتے ہیں تو فاسق ہیں دوزخ میں سزا کے لیے جائیں گے اگرچہ سارے مال اﷲ کے ہیں اﷲ کے مال سے مراد وہ مال ہے جس کو راہِ خدا میں خرچ کرنا چاہیے۔