| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم |
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے نہیں ہے کوئی کسی کنبہ کا سردار مگر وہ قیامت کے دن طوق میں لایا جائے گا حتی کہ یا تو اسے انصاف چھوڑ دے یا اسے ظلم ہلاک کردے ۱؎(دارمی)
شرح
۱؎ یہاں سردار سے مراد وہ سردار ہیں جو خواہش نفس کے لیے بخوشی اور بکوشش سردار بنے یعنی ایسے سردار اگرچہ دس آدمیوں کے افسر ہوں مگر قیامت میں طوق بگردن آئیں گے پھر آگے حساب کے بعد یہ طوق اتر جائے یا لازم ہوجائے،عادل تھے رہائی پائیں گے،ظالم تھے تو پکڑ میں آجائیں گے،لہذا یہ حدیث حضرت سلیمان علیہ السلام یا خلفائے راشدین یا یوسف علیہ السلام کے لیے نہیں۔