| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم |
روایت ہے انہی سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو دن میں سو بار سبحان اﷲ وبحمدہ پڑھے ۱؎ تو اس کی تمام خطائیں بخش دی جائیں گی اگرچہ کف دریا یعنی سمندر کے جھاگ برابر ہوں ۲؎ (مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ خواہ بیک وقت یا مختلف اوقات میں صبح کے وقت پڑھےیا شام کو یا کسی اور وقت میں۔غرضکہ کوئی پابندی نہیں اگرچہ بہتر یہ ہے کہ صبح یا شام پڑھے جیساکہ دوسری روایا ت میں ہے۔ ۲؎ یعنی بے حدوبے شمار خطاؤں سے مراد گناہ صغیرہ ہیں جو حقوق اﷲ کے متعلق ہوں،حقوق شرعیہ اور حقوق العباد اس سے علیحدہ ہیں لہذا فوت شدہ نماز،روزے،بندوں کے قرض اس وظیفہ سے معاف نہ ہوجائیں گے وہ تو ادا ہی کرنے ہوں گے لہذا حدیث پرکوئی اعتراض نہیں۔