Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد دوم
832 - 993
حدیث نمبر832
روایت ہےحضرت ابن مسعود کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن اپنے صحابہ سے فرمایا اﷲ سے پوری حیاءکرو انہوں نے عرض کیا یا نبی اﷲ خدا کا شکر ہے کہ ہم اﷲ سے غیرت کرتے ہیں ۱؎ فرمایا یہ نہیں ہے لیکن جو اﷲ سے پوری غیرت کرے تو وہ سر اور اس میں محفوظ چیزوں اور پیٹ اور اس کے اندر کی چیزوں کی حفاظت کرے اور موت اور گل جانے کو یاد رکھے ۲؎ جو آخرت چاہتاہے وہ دنیا کی زنیت چھوڑ دیتا ہے۳؎ جس نے یہ کیا اس نے اﷲ سے پوری غیرت کی۔(احمد،ترمذی)اور ترمذی نے فرمایا یہ حدیث غریب ہے۔
شرح
۱؎ حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم کے اس کلام میں خطاب صحابہ کرام سے ہے مگر مقصود ساری امت کو سنانا ہے۔اس کا یہ مطلب نہیں کہ صحابہ کرام کو رب سے غیرت نہ تھی،رب تعالٰی اپنے حبیب سے فرماتا ہے:"یٰۤاَیُّہَا النَّبِیُّ اتَّقِ اللہَ"۔نیز صحابہ کرام کا یہ جواب نہ ریا کے لیئے ہے نہ شیخی کے لیئے بلکہ توفیق الٰہی  کے شکریہ کے طور پر،حضورصلی اللہ علیہ وسلم سے اپنا حال کہنا ریا نہیں۔

۲؎ یعنی صرف ظاہری نیکیاں کرلینا اور زبان سے حیا کا اقرار کرنا پوری حیا نہیں بلکہ ظاہری اور باطنی اعضاء کو گناہوں سے بچاناحیاہے۔چنانچہ سرکو غیرخدا کے سجدے سے بچائے،اندرون دماغ کو ریا اورتکبرسے بچائے،زبان،آنکھ اور کان کو ناجائز بولنے،دیکھنے،سننے سے بچائے،یہ سر کی حفاظت ہوئی،پیٹ کو حرام کھانوں سے،شرمگاہ کو زنا سے،دل کو بری خواہشوں سےمحفوظ رکھےیہ پیٹ کی حفاظت ہے۔حق یہ ہے کہ یہ نعمتیں رب کی عطاءاور جناب مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سخا سے نصیب ہوسکتی ہیں۔

۳؎ یعنی دنیا کی حرام زینتوں سے بچتاہے اور حلال زینتوں میں پھنستا نہیں۔خیال رہے کہ دنیا کی زینت وہ ہے جو دنیا کے لیئے کی جائے،لہذا عید کے دن اچھا لباس،جمعہ کا غسل و خوشبو،سرمہ وغیرہ روضۂ اقدس کی حاضری پر لباس فاخرہ پہننا سب دینی زینتیں ہیں،دنیا کی زینت اور ہے،دنیا میں زینت کچھ اور،پہلی بری ہے،دوسری اچھی۔دوسری کو رب نے زِینتُ اﷲ فرمایا کہ فرماتاہے:"قُلْ مَنْ حَرَّمَ زِیۡنَۃَ اللہِ الَّتِیۡۤ اَخْرَجَ لِعِبَادِہٖ"اور فرماتا ہے:"خُذُوۡا زِیۡنَتَکُمْ عِنۡدَ کُلِّ مَسْجِدٍ"۔
Flag Counter