| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد دوم |
روایت ہے حضرت عائشہ سے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رات میں قرآنی سجدوں میں یوں کہتے تھے میری ذات نے اسے سجدہ کیا جس نے اسے پیدا کیا اور اس کے کان اور آنکھ اپنی طاقت و قوت سے چیرے ۱؎(ابوداؤد،ترمذی،نسائی)اور ترمذی فرماتے ہیں کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
شرح
۱؎ یہاں تہجد کی نماز یا خارج نماز میں سجدہ تلاوت مراد ہے کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرض نماز مسجد میں پڑھاتے تھے،اس وقت حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نہ ہوتی تھیں۔فتح القدیر میں ہے کہ سجدہ تلاوت میں یہ آیت پڑھنا بھی بہتر ہے"سُبْحٰنَ رَبِّنَاۤ اِنۡ کَانَ وَعْدُ رَبِّنَا لَمَفْعُوۡلًا"،رب تعالٰی فرماتا ہے:"یَخِرُّوۡنَ لِلۡاَذْقَانِ سُجَّدًا وَّ یَقُوۡلُوۡنَ سُبْحٰنَ"الخ۔