Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد دوم
10 - 993
الفصل الثانی

دوسری فصل
حدیث نمبر 10
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم  نے کہ جب تم میں سے کوئی نماز پڑھے تو اپنے منہ کے سامنے کچھ رکھ لے ۱؎ اگر نہ پائے تو اپنی لاٹھی گاڑھ لے اگر اس کے پاس لاٹھی نہ ہو تو خط کھینچ لے پھر جو چیز سامنے سے گزرے تو اسے نقصان نہ دے گی۲؎(ابوداؤد،ابن ماجہ)
شرح
۱؎ یعنی ایک ہاتھ لمبی اور ایک انگل موٹی کوئی چیزجیسا کہ پچھلی احادیث میں صراحتًا گزر گیا۔بعض نمازی اپنے آگے چاقو یا پیالہ وغیرہ رکھ لیتے ہیں سخت غلطی کرتے ہیں وہ حدیث کا مطلب نہیں سمجھے۔

۲؎  خط کھینچنے کی حدیث مضطرب ہے ضعیف بھی۔دیکھو مرقا ت،لمعات وغیرہ۔اس لیے اکثر علماء نے اس پرعمل نہ کیا وہ خط کومحض بے کار سمجھتے ہیں۔بعض نے فرمایا کہ اس خط کی وجہ سے سامنے گزرنے کا اثر نماز پر نہ ہوگا اس کی نماز خراب نہ ہوگی مگر اس سے گزرنا جائز نہ ہوگا اور گزرنے والا گنہگار بھی ہوگا اسی لیے یہاں لَایَضُرُّہٗ فرمایا یعنی نمازی کو مضر نہیں نہ کہ گزرنے والے کو،مگر صحیح قول جمہو ر ہی کا ہے کیونکہ خط نہ تو  آڑ بنتا ہے نہ کسی کو نظر ہی آتا ہے تو اس کا ہونا نہ ہونا یکساں ہے۔
Flag Counter