| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول |
روایت ہے حضرت ابوسعیدسے فرماتے ہیں کہ ہم نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عشاءکی نمازپڑھی پس تشریف نہ لائے حتی کہ قریبًا آدھی رات گزرگئی ۱؎ پھرفرمایا اپنی جگہ بیٹھے رہو چنانچہ ہم اپنی جگہ بیٹھے رہے پھرفرمایاکہ لوگ نماز پڑھ چکے اوراپنے بستروں پر چلے گئے۲؎ اورتم نماز ہی میں رہے جب تک کہ نماز کا انتظارکرتے رہے اوراگر کمزوروں کی کمزوری اوربیماروں کی بیماری نہ ہوتی تو میں اس نماز کو آدھی رات تک مؤخر(پیچھے)کردیتا ۳؎(ابوداؤد،نسائی)
شرح
۱؎ نماز پڑھنے سے مراد پڑھنے کا ارادہ کرنا ہے۔صحابہ کرام کا طریقہ یہ تھا کہ حضور خواہ کتنی ہی دیرمیں تشریف لاتے مگر نہ حضور کو نماز کے لئے بلاتے تھے نہ اکیلے پڑھ لیتے اور نہ اپنی جماعت علیحدہ کرلیتے،وہ سمجھتے تھے کہ حضور کے ساتھ قضا علیحدہ اداسے افضل ہے۔ ۲؎ ظاہریہ ہے کہ ان لوگوں سے مراد وہ مسلمان ہیں جنہوں نے اپنی مسجدوں میں عشاءپڑھ لی یاوہ عورتیں،بچے جوگھروں میں اکیلے عشاءپڑھ کرسو گئے،اہل کتاب مرادنہیں کیونکہ ان کے دین میں عشاءتھی ہی نہیں۔ ۳؎ شطرلیل سے مرادتقریبًا آدھی رات ہے یعنی تہائی۔اَخَّرْتُ سے معلوم ہوا کہ حضورکو نمازیں آگے پیچھے کرنے کا اختیاردیاگیاہے،آپ بعطاءالٰہی احکام شرعیہ کے مالک ہیں۔یہ بھی معلوم ہوا کہ اگرچہ نمازکا انتظار مطلقًا عبادت ہے مگرمسجدمیں بیٹھ کرانتظار بڑی عبادت،اسی لئے اس حالت میں انگلیوں میں انگلی ڈالنا منع ہے۔