Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول
138 - 728
باب الاعتصام بالكتاب والسنۃ 

قرآن وسنّت مضبوطی سے پکڑنے کا باب  ۱؎
الفصل الاوّل

پہلی فصل
۱؎ اعتصام عَصْمٌ سے بنا  معنے منع اور روک۔پاک دامنی کو اسی لیئے عصمت کہتے ہیں کہ وہ گناہوں سے روک دیتی ہے۔اس کے لغوی معنے ہیں مضبوط پکڑنا چھوٹنے اور بھاگنے سے روک لینا۔اصطلاح شریعت میں حقانیت پر اعتقاد اور اس پر ہمیشہ عمل کرنے کو اعتصام کہا جاتا ہے۔کتاب سے مراد قرآن شریف ہے اور سنت سے مراد حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سارے فرمان اور وہ افعال اور احوال ہیں جو مسلمانوں کے لیئے قابل عمل ہیں،حضور کے یہ افعال شریعت کہلاتے ہیں اور احوال شریف طریقت۔صوفیاء کے نزدیک حضور کے جسم شریف کے حالات شریعت ہیں،قلب کے حالات طریقت،روح کے احوال حقیقت،اور سر کے حالات معرفت،سنت ان سب کو شامل ہے۔خیال رہے کہ حضور کی خصوصیات سنت نہیں لہذا نو بیویاں نکاح میں رکھنا،اونٹ پر طواف کرنا،منبر پر نماز پڑھانا وغیرہ اگرچہ حضور کے افعال کریمہ ہیں،لیکن ہمارے واسطے ناقابل عمل۔ہر سنت حدیث ہے ہر حدیث سنت نہیں،اسی لیئے مصنف رحمۃ اﷲ علیہ نے یہاں سنت فرمایا حدیث نہ فرمایا اور نبی  صلی اللہ  علیہ وسلم نے فرمایا"عَلَیْکُمْ بِسُنَّتِی"یہ نہ فرمایا بِحَدِیْثِی،نیز ہمارا نام بحمدہٖ تعالٰی اہل سنت یعنی ساری سنتوں پر عامل اہل حدیث نہیں،کیونکہ ساری حدیثوں پر کوئی عمل نہیں کرسکتا اور نہ ہی کوئی اہلِ حدیث ہوسکتا ہے۔یہ بھی خیال رہے کہ شریعت کے دلائل چار ہیں قرآن،سنت،اجماعِ امت اور قیاسِ مجتہد،لیکن کتاب و سنت اصل اصول ہیں اور اجماع و قیاس ان کے بعد کہ اگر کوئی مسئلہ ان دونوں میں نہ مل سکے تو ادھر رجوع کرو،نیز قیاس قرآن و سنت کا مظہر ہے۔اس لیئے مصنف نے صرف کتاب و سنت کا ذکر کیا ان دونوں کا ذکر نہیں کیا ورنہ وہ دونوں بھی اشد ضروری ہیں۔خلافت صدیقی اور فاروقی اجماع امت سے ہی ثابت ہے اور ان کا انکار کفر۔باجرہ اور چاولوں میں سود حرام ہے مگر کتاب و سنت میں اس کا ذکر نہیں،قیاس سے حرمت ثابت ہے اس کی پوری تحقیق ہماری کتاب "جاءالحق"حصہ اول و دوم۲ میں دیکھو۔کتاب و سنت سمندر ہےکسی امام کے جہاز میں بیٹھ کر اس کو طے کرو۔کتاب و سنت طب ایمانی کی دوائیں ہیں کسی طبیب روحانی یعنی امام مجتہد کے مشورے سے انہیں استعمال کرو۔
حدیث نمبر :138
روایت ہے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے فرماتی ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ  علیہ وسلم نے جو ایجاد کرے ہمارے دین میں وہ طریقہ جو اس دین سے نہیں وہ مردود ہے ۱؎
شرح
۱؎ یعنی وہ ایجاد کرنے والا مردود ہے یا اس کی یہ ایجاد مردود ہے۔خیال رہے کہ اَمر سے مراد دین اسلام ہے اور مَا سے مراد عقائد،یعنی جو شخص اسلام میں خلافِ اسلام عقیدے ایجاد کرے وہ شخص بھی مردود اور وہ عقائد بھی باطل۔لہذا روافض،قادیانی،وہابی وغیرہ بہتر۷۲ فرقے جن کے عقائد خلافِ اسلام ہیں باطل ہیں۔یا اَمر سے مراد دین ہے اور مَا سے مراد اعمال ہیں اور لَیسَ مِنہُ سے مراد قرآن و حدیث کے مخالف،یعنی جو کوئی دین میں ایسے عمل ایجاد کرے جودین،یعنی کتاب و سنت کے مخالف ہوں جس سے سنّت اٹھ جاتی ہو وہ ایجاد کرنے والا بھی مردود ایسے عمل بھی باطل جیسے اردو میں خطبہ و نماز پڑھنا،فارسی میں اذان دینا وغیرہ۔اس کی تفسیر وہ حدیث ہے جو آگےآرہی ہے کہ جو کوئی بدعت ایجاد کرے تو اللہ سنت کو اٹھالیتا ہے۔ہماری اس تفسیر کی بنا پر یہ حدیث  اپنے عموم پر ہے اس میں کوئی قید لگانے کی ضرورت نہیں۔مرقاۃ نے فرمایا لَیسَ مِنہُ سے معلوم ہوا کہ دین میں ایسے کام کی ایجاد جو کتاب و سنّت کے خلاف نہ ہو بُری نہیں۔
Flag Counter