عیادت کرنے والوں کی جوق در جوق آمد
جیسے ہی امیرِ اہلِ سنت کے آپریشن کی خبر عام ہوئی،عیادت کے لئے کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول اور علماء و مشائخِ اہلِ سنت کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔عیادت کے لئے تشریف لانے والے کثیر علماء و زعمائے اہلِ سنت میں سے چند کے اسمائے گرامی درج ذیل ہیں:
صدرتنظیم المدارس اہلسنت پاکستان پروفیسرمفتی منیب الرحمن ،جگرگوشۂ حافظ الحدیث حضرت علامہ سیّدعرفان شاہ مشہدی، حضرت مولانا مفتی محمد ابراہیم قادری (جامعہ غوثیہ سکھر)، حضرت مولانا مفتی محمدرفیق الحسنی، حضرت مولانا سیّدمظفر حسین شاہ، حضرت مولانا سیّدحمزہ علی قادری، استاذالعلماء حضرت مولانا محمد رفیق عباسی، حضرت مولانا مفتی محمد اکمل عطاقادری،حضرت علامہ ڈاکٹر محمد کوکب نورانی اوکاڑوی، حضرت مولاناحافظ رضائے مصطفی نقشبندی مجددی، نبیرۂ صدرالشریعہ،صاحبزادہ انتصارالمصطفٰی اعظمی ازہری وصاحبزداہ اکرام المصطفی اعظمی حضرت مولانا لیاقت حسین اظہری، حضرت مولانا صاحبزداہ مختاراحمدحبیبی بلوچستان،حضرت صاحبزداہ محمدخالد سلطان قادری بلو چستان۔ حضرت مولانا سیدمحمد عظمت علی شاہ (دارالعلوم احسن البرکات زم زم نگرحیدرآباد)حضرت مولانا سہیل رضا امجدی، ،حضرت مولانا نثار علی اجاگر، مشہور ثنا خوان الحاج اویس رضا قادری،ثنا خوان الحاج صدیق اسماعیل صاحب، ثنا خوان حافظ طاہر قادری،حضرت مولانا بشیر فاروق قادری، صاحبزادہ محمداویس نورانی، حاجی محمدحنیف طیب وغیرہ۔
امیرِ اہلِ سنت کا اظہارِ تشکر
بعد میں شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت دَامَت بَرکاتُہم العَالیہ نے عیادت کے لئے تشریف لانے والی متعدد شخصیات کے نام اظہارِ تشکر پر مشتمل صُوری پیغامات (Video Messages) ارسال فرمائے ۔ان میں سےچندپیغامات تحریری صورت میں پیشِ خدمت ہیں:
(۱)مفتی منیب الرحمٰن صاحب کے نام
نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الکریم حضرت علامہ مولانا مفتی منیب الرحمن صاحب اطال اللہ عمرہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مہتمم دارالعلوم نعیمیہ باب المدینہ کراچی السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ مرحبا! آپ جیسی عدیم الفرصت شخصیت مجھ گنہگاروں کے سردار کی عیادت کے لیے تشریف لائی، مرحبا۔اللہ تعالی آپ کا عیادت کرنا قبول فرمائے ، جزائے جزیل عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ آپ کی بے حساب مغفرت کرے،آپ کی خدماتِ اسلامی کو شرفِ قبولیت بخشے، دونوں جہانوں کی بھلائیاں آپ کا مقدر فرمائے، آپ کی پریشانیاں آپ کی مشکلات دور ہوں، مسائل حل ہوں، اللہ تعالیٰ آپ کا سایۂ عاطفت ہم غریب سنیوں پر تادیر قائم رکھے۔حضورِ والا!بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں، دارالعلوم نعیمیہ کے اساتذہ ٔ کرام اور طلبائےکرام کی خدمت میں میرا سلام عرض کیجئے۔