امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے آپریشن کی جھلکیاں
رمضان المبارک 1437 ھ کے ابتدائی ایام میں شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت دَامَت بَرکاتُہم العَالیہ نےپیٹ میں تکلیف محسوس فرمائی۔چیک اپ کروانے پر ڈاکٹر نے آپریشن کروانے کا مشورہ دیا۔دعوتِ اسلامی کےعالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ کراچی سمیت پاکستان اور بیرونِ پاکستان مختلف مقامات پر پورے ماہِ رمضان کے اعتکاف کا سلسلہ جاری تھا۔ روزانہ نمازِ عصر اور تراویح کے بعد مدنی مذاکروں کا سلسلہ تھا نیز سحری اور رات کے کھانے میں بھی عاشقانِ رسول امیرِ اہل سنت کی صحبت سے فیضیاب ہوتے تھے، چنانچہ امیرِاہلِ سنّت نے ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد آپریشن رمضان کے بعد تک موقوف کرنے کا فیصلہ فرمایا۔
2شوال المکرم 1437ھ /7 جولائی 2016ء بروز جمعرات امیرِ اہلِ سنت کا آپریشن کیا گیا جو بِحَمْداللہِ تعالٰی بخیر و عافیت کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔عموماً اس طرح کےآپریشن کے بعد مریض کئی گھنٹے تک دواؤں کے زیرِ اثر غنودگی کے عالم میں رہتے ہیں،کئی مریض طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں، معاذ اللہ کوئی گانے گاتا ہے،کوئی گالیاں بکتا ہے تو کوئی اوٹ پٹانگ باتیں کرتا رہتا ہے،الغرض انسان کے لاشعور میں موجود خیالات اس موقع پر ظاہر ہوتے ہیں۔اس کیفیت میں شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت دَامَت بَرکاتُہم العَالیہ کی زبانِ مبارک سے جاری ہونے والے کلمات درج ذیل ہیں:
اے اللہ!میں ایمان سلامت لے کر دنیا سے جاؤں۔یا اللہ! میں بخشا جاؤں،محبوب کی امت بخشی جائے۔پیارے آقا صلّی اللہ عَلیْہِ وَسلّم سے عشق ہے،یا اللہ!غوث پاک سے عشق ہے، صحابۂ کرام سے عشق ہے۔یا اللہ!میں امام احمد رضا خان سے محبت کرتا ہوں،میرے مولیٰ!میں اولیائے کرام سے محبت کرتا ہوں،یا اللہ!میں تجھ سے محبت کرتا ہوں۔علمائے اہل سنت سے محبت ہے،تمام سنیوں سے محبت ہے۔میرے مریدوں کی مغفرت فرما۔یا اللہ!جو میرے ہاتھ پر توبہ کرتا ہے غوث پاک کامرید ہوتا ہے سب کو بخش دے۔سب کو اچھا کردے،مجھے بھی سب کے صدقے اچھا کردے۔یا اللہ!حاجی مشتاق کی مغفرت فرما،یا اللہ!حاجی فاروق کی مغفرت فرما،یا اللہ!حاجی زم زم کو بخش دے،یا اللہ!حاجی عمران کی مغفرت فرما،یا اللہ! دعوتِ اسلامی کے ہر مبلغ کی مغفرت فرما،یا اللہ! ہر دعوتِ اسلامی والےکی مغفرت فرما۔اے اللہ!دعوتِ اسلامی والے اور والیوں کو بے حساب بخش دے،یا اللہ!دعوتِ اسلامی کا بول بالا فرما،یااللہ!دعوتِ اسلامی کے تمام اراکینِ شوریٰ بخشے جائیں،نگرانِ شوریٰ بخشے جائیں۔ یااللہ! ڈاکٹر اور آپریشن کرنے والے بخشے جائیں،یا اللہ! ملکِ پاکستان کو استحکام اور سنتوں بھرا نظام عطا کردے۔