Brailvi Books

ماہنامہ فیضان مدینہ ربیع الثانی1438جنوری2017
66 - 90
مرحوم کے لیے دعائے مغفرت فرمائی اور ارشاد فرمایا:
   نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہٖ الْکَرِیْمِ !
سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی  عُفِی عَنْہ کی جانب سے محسنِ دعوت اسلامی حضرت مولانا عبدالمجید نوری صاحب اَطَالَ اللہُ عمرَہ صوفی نگر (ڈربن)ساؤتھ افریقہ
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہ!
حاجی عمران نگرانِ شوریٰ نے خبرِغم اثر مجھے دی کہ آپ کے جواں سال شہزادے یعنی تبریز کے بھائی محمد صالح انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن
یا اللہ! پیارے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا واسطہ، مرحوم محمد صالح کو غریقِ رحمت فرما۔اے اللہ! ان کے جملہ صغیر ہ کبیرہ گناہ معاف فرما۔ پروردگار! ان کی قبر کو خوابگاہِ بہشت بنا، ان کی قبر پر رحمت  ورضوان کے پھولوں کی بارشیں فرما۔ اے اللہ! ان کی قبر کو جنت کا باغ بنادے، یااللہ! ان کی قبر جلوۂ محبوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سےآباد ہوجائے، یااللہ!ان کی قبر نورِ مصطفیٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے روشن ہو۔یااللہ! مرحوم محمد صالح بے حساب بخشے جائیں، تیرے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا پڑوس پائیں۔یااللہ! ان کے والد محترم جن کو بڑھاپے میں یہ جوان بیٹے کی وفات کا زخم ملا ان کو، تبریز بھائی کو اور سب گھر والوں کو صبرِجمیل اور صبر جمیل پر  اجرِ جزیل مرحمت فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ!  صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
تبریز!آپ نے کوشش کرکے صوفی نگر ڈربن میں ایک ماہ کا مدنی قافلہ  تیار کرنا ہے ، آپ نے بھی اس میں سفر کرنا ہے، اِنْ شَآءَ اللہعَزَّ  وَجَلَّ ، محمد صالح کے ایصالِ ثواب کے لیے سفر کریں، کوشش کریں۔آپ مَاشَاءَ اللہ کافی متحرک (Active) ہیں، اَلْحَمْدُلِلّٰہ، ہمت کریں۔میرا حسنِ ظن ہےکہ ایک ماہ کے مدنی قافلے کے لیے والدصاحب سے اجازت مل ہی جائے گی بلکہ ہوسکتاہے کہ وہ بولیں کہ  ایک ماہ کیوں؟ بارہ ماہ سفر کرو ۔ آپ کے والدصاحب کا تو  میں نے ایساانداز دیکھا ہے ، دعوت اسلامی کی محبت ان کی نس نس میں اتری ہوئی ہے، اَلْحَمْدُلِلّٰہ یوں کہئے کہ دعوت اسلامی پرجان و دل سے فدا ہیں، اللہ تعالٰیآپ کے والدصاحب کو استقامت دے، محبت کا صلہ دےبلکہ سب کو صلہ دے۔ آپ کا گھرانا مرحبا، اللہ تعالٰی  آپ کے گھر والوں کو شاد و آباد رکھے، سب کو بے حساب بخشے، دونوں جہان کی بھلائیاں ہم سب کا مقدر ہو، مجھ گنہگاروں کے سردار کے حق میں  بھی یہ دعائیں مستجاب ہوں، ہمارے جواسلامی بھائی  یہاں جمع ہیں   ان کے حق میں بھی قبول ہوں۔