| کفریہ کلِمات کے بارے میں سوال جواب |
فرماتے ہیں:کُفّار کے تہواروں کے دن محض اس وجہ سے چيزيں خريدنا کہ کُفّار کا تہوار ہے يہ بھی کفر ہے جيسے ديوالی ميں کھلونے اور مٹھائياں خريدی جاتی ہيں کہ آج خريدنا ديوالی منانے کے سِوا کچھ نہيں۔ یوہیں کوئی چيز خريد کر اس روز مشرِکين کے پاس ہَدِیّہ کرنا(یعنی تحفہ دینا) جبکہ مقصود اُس دن کی تعظيم ہو تو کفر ہے۔
(بہار شریعت حصہ 9 ص 184)
مُشرِک کی بخشِش کا عقیدہ رکھنا کیسا؟
سُوال:زَید کہتا ہے کہ اللہ عَزَّوَجَل چاہے گا تومُشرِک کو بھی بخش کر داخلِ جنّت فرمادے گا۔
جواب:زید ِبے قَید کا یہ قول کُفرِیّہ ہے۔اللہ عَزَّوَجَلَّ کا وعدہ ہے کہ وہ مُشرِک کو کبھی نہیں بخشے گا چُنانچِہ پارہ 5 سورۃُ النِسّا آیت نمبر48 میں ارشاد ِ ربُّ العبادہوتا ہے:
اِنَّ اللہَ لَا یَغْفِرُ اَنۡ یُّشْرَکَ بِہٖ وَیَغْفِرُ مَا دُوۡنَ ذٰلِکَ لِمَنۡ یَّشَآءُ ۚ
ترجَمۂ کنزالایمان:بے شک اللہ اسے نہیں بخشتا کہ اس کے ساتھ کُفر کیا جائے اورکُفر سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہے معاف فرما دیتا ہے۔