تو یہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے ڈھیل ہے
خبردار اے جاندار! خبردار اے شاندار! خبر دار اے مالدار! رخبر دار اے سرمایہ دار! خبر دار اے صاحِبِ اقتِدار! خبر دار اے افسر وعہدیدار! ربِّ عزیز و قدیر عَزَّوَجَلَّکی خُفیہ تدبیرسے خبر دار ! خبر دار! خبردار! کہیں ایسا نہ ہو کہ ملی ہوئی جانی ، مالی یاحکومتی نعمتوں کے ذَرِیْعے ظلم، تکبُّر ، سر کشی اور طرح طرح کے گناہوں کا سِلسِلہ بڑھتا رہے اور کَسا کَسایا سُڈَول (یعنی خوبصورت) بدن اورمال و دَھن جہنَّم کا ایندھن بننے کا سبب بن جائے ۔ اِس ضِمْن میں حدیثِ نبَوِی علٰی صاحِبِہا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلاممَع آیتِ قراٰنی سنئے اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کی خُفیہ تدبیر سے تھرّایئے: حضرتِ سیِّدُنا عُقْبہ بن عامِر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے رِوایت ہے، نبیِّ اَکرم، نورِ مُجَسَّم، رسولِ مُحتَشَم، شاہِ بنی آدم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عِبرَت نشان ہے: ’’جب تم دیکھو کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ دُنیا میں گناہ گار بندے کو وہ چیزیں دے رہا ہے جو اُسے پسند ہیں تو یہ اُس کی طرف سے ڈِھیل ہے۔ پھر یہ آیَتِ کریمہ تِلاوت فرمائی:
فَلَمَّا نَسُوْا مَا ذُكِّرُوْا بِهٖ فَتَحْنَا عَلَیْهِمْ اَبْوَابَ كُلِّ شَیْءٍؕ-حَتّٰۤى اِذَا فَرِحُوْا بِمَاۤ اُوْتُوْۤا اَخَذْنٰهُمْ بَغْتَةً فَاِذَا هُمْ مُّبْلِسُوْنَ (۴۴) (پ۷، اَلْانعام: آیت۴۴)
ترجَمَۂ کنزالایمان: پھر جب اُنہوں نے بُھلا دیا جو نصیحتیں اُن کو کی گئی تھیں ، ہم نے اُن پر ہر چیز کے دروازے کھول دیئے یہاں تک کہ جب خوش ہوئے اُس پرجو اُنہیں ملا تو ہم نے اچانک اُنہیں پکڑ لیا اب وہ آس ٹوٹے رَہ گئے۔ (مُسندِ اِمام احمد ج ۶ ص۱۲۲حدیث۱۷۳۱۳ دارالفکربیروت)