Brailvi Books

اسلامی زندگی
7 - 158
 					پیشِ لفظ

    الحمد للہ عزوجل ! مجلس المدینۃ العلمیۃاکابرینِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ بالخصوص امامِ اہلِ سنت الشاہ امام احمد رضاخان علیہ رحمۃ الرحمن کی مایہ ناز کتب کو حتی المقدور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق شائع کرنے کا بھی عزم رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں امامِ اہلِ سنت الشاہ امام احمد رضاخان علیہ رحمۃ الرحمن کے کئی رسائل (تخریج وتسہیل شدہ)طبع ہوکر عوام وخواص سے خراجِ تحسین پاچکے ہیں ۔جب کہ ''بہارِ شریعت'' حصّہ اول ،دوم،سوم اور ''عجائب القرآن مع غرائب القرآن''، ''جنّتی زیور''بھی شائع ہوچکی ہیں۔اب ''اسلامی زندگی'' پیش کی جارہی ہے جوحکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ رحمۃ الغنی کی تالیف ہے۔

     اس کتاب میں ان رسومات کا بیان ہے جو معمولی فرق کے ساتھ پاک وہند میں رائج ہیں ۔ مفتی صاحب رحمۃ اللہ علیہ ابتداء میں ان رسومات میں پائی جانے والی قباحتوں کی نشاندہی فرماتے ہیں پھر اسلامی نقطہ نظر سے ان کی جائز صورتیں بیان فرماتے ہیں ۔یہ کتاب آج سے تقریباً ۶۴ برس قبل لکھی گئی تھی ۔یہی وجہ ہے کہ حکیم الامت رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اس کتاب میں ھند کے علاقوں مثلاً یوپی ،کاٹھیاواڑوغیرہ کی مثالیں دی ہیں اور ان رسوم کے اخراجات بھی اپنے دور کے مطابق بیان کئے ہیں ،فی زمانہ ان رسوم پر کئے جانے والے اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔

    اس کتاب کو نئی کمپوزنگ،مکرر پروف ریڈنگ،ضروری تسہیل وحواشی،دیگر نسخوں سے مقابلے ،آیاتِ قرآنی کے ترجمے و محتاط تطبیق اورتصحیح،حوالہ جات کی تخریج،عربی وفارسی عبارات کی درستگی اور پیرابندی وغیرہ،نیز مآخذ و مراجع کی فہرست کے ساتھ شائع کیاجارہا ہے،یوں یہ نسخہ ان شاء اللہ عزوجل دیگر نُسَخ کے مقابلے میں درست اور اغلاط سے مبرا نسخہ ثابت ہو سکتا ہے ۔اللہ عزوجل ''المدینۃ العلمیۃ'' کے مدنی علماء کی اس کاوش اور ان کی قابل ستائش محنت کوقبول فرمائے۔

 				      آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہ وبارك وسلم

 				             شعبہ تخریج(مجلس المدینۃ العلیۃ)