جواب …: حلال جانوروں اور گھوڑے کا پیشاب اور حرام پرندوں کی بِیٹ نجاستِ خفیفہ ہے اور اگر نجاستِ غلیظہ، خفیفہ میں مل جائے تو کل غلیظہ ہے۔(1)
سوال …: بدن یا کپڑا نَجِس ہوجائے تو پاک کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب …: بدن یا کپڑا نَجِس ہوجائے تو انہیں پاک کرنے کے دو طریقے ہیں :
عَزَّ وَجَلَّ …: نجاست اگر پتلی ہوتوبدن یا کپڑا تین مرتبہ دھونے سے پاک ہوجائے گا ،مگر کپڑے کو تینوں مرتبہ اپنی پوری قوّت سے اس طرح نچوڑنا ضروری ہے کہ اس سے مزید کوئی قطرہ نہ ٹپکے، پہلی اور دوسری بار نچوڑ کر ہاتھ بھی دھو لے۔ جب كہ تيسري مرتبه نچوڑنے ميں كپڑا اور هاتھ دونوں پاك هو جائيں گےــ اور اگر نجاست دَلدار (یعنی موٹی، دبیز) ہو جیسے گوبر، خون، پاخانہ وغیرہ تو اس کو دور کرنا ضروری ہے۔ گنتی کی کوئی شرط نہیں اگرچہ چار پانچ مرتبہ دھونا پڑے۔(2)مگر یہ تین مرتبہ دھونے اور نچوڑنے کا حکم اس وَقت ہے جب تھوڑے پانی میں دھویا ہو۔
2 …: اگر حوضِ کبیر (جس کی مقدار دَہ در دَہ یعنی 25گز یا225فٹ ہو یا پھر اس سے بڑے حوض، نہر، ندی، سمندر وغیرہ) میں دھویا ہو یا (نل،پائپ یا لوٹے وغیرہ کے ذریعے) بَہُت سا پانی اس پر بہایا یا (دریا وغیرہ) بہتے پانی میں دھویا تو نچوڑنے کی شرط نہیں۔(3)بلکہ فُقَہائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام فرماتے ہیں : دَری یا ٹاٹ یا کوئی ناپاک کپڑا بہتے پانی میں رات بھر پڑا رہنے دیں پاک ہو جائے گا اور اصل یہ ہے کہ جتنی دیر میں یہ ظنِّ غالِب ہو جائے کہ پانی نَجاست کو بہالے گیا پاک ہو گیا کہ بہتے پانی سے پاک کرنے میں نِچوڑنا شرط نہیں ۔(4)
٭…٭…٭
________________________________
- 1 بہارِ شریعت، نجاستوں کا بیان، نجاستوں کے متعلق احکام، ۱ / ۳۹۱، ۳۹۲ ملتقطاً
- 2 بہارِ شریعت، نجاستوں کا بیان، نجس چیزوں کے پاک کرنے کا طریقہ، ۱ / ۳۹۷، ۳۹۸ ملتقطاً
- 3 فتاویٰ امجدیہ، ۱ / ۵۳
- 4 بہارِ شریعت، نجاستوں کا بیان، نجس چیزوں کے پاک کرنے کا طریقہ، ۱ / ۳۹۹