حَمْدِ بَارِی تَعَالٰی
دردِ دل کر مجھے عطا یا رب(1)
دردِ دل کر مجھے عطا یارب دے مرے درد کی دوا یارب
لاج رکھ لے گناہگاروں کی نام رحمن ہے ترا یارب
بے سبب بخش دے نہ پوچھ عمل نام غفار ہے ترا یارب
ٹیس کم ہو نہ دردِ الفت کی دل تڑپتا رہے مرا یارب
سَبَقَتْ رَحْمَتِیْ عَلٰی غَضَبِیْ تو نے جب سے سنا دیا یارب
آسرا ہم گناہگاروں کا اور مضبوط ہوگیا یارب
تو نے مرے ذلیل ہاتھوں میں دامن مصطفٰے دیا یارب
ہر بھلے کی بھلائی کا صدقہ اس برے کو بھی کر بھلا یارب
مجھے دونوں جہاں کے غم سے بچا شاد رکھ شاد دائماً یارب
دشمنوں کے لئے ہدایت کی تجھ سے کرتا ہوں التجا یارب
تو حسنؔ کو اٹھا حسن کر کے ہو مع الخیر خاتمہ یارب
٭…٭…٭
مشکل الفاظ کے معانی: سَبَقَتْ رَحْمَتِیْ عَلٰی غَضَبِیْ (ترجمہ: میری رحمت میرے غضب پر سبقت لے گئی) شاد (خوش)دائماً (ہمیشہ)
________________________________
- 1 ذوقِ نعت از مولانا محمد حسن رضا خان قادری ، ص۵۹